تاریخ اشاعت: June 30, 2026 - 2:30 PM
Finance Act 2026 Approved: New Tax Regime to Reshape Pakistan’s Real Estate Market from July 1
فنانس ایکٹ 2026 منظور، یکم جولائی سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے نیا ٹیکس نظام نافذ
▫️جائیداد کی خرید و فروخت نظرثانی شدہ ٹیکس فریم ورک کے تحت ہوگی، حکومت نے پراپرٹی ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور 71 ارب روپے کی اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم سمیت اہم رئیل اسٹیٹ مراعات برقرار رکھیں
صدر آصف علی زرداری نے فنانس ایکٹ 2026 کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ٹیکس، ٹیرف اور نفاذ سے متعلق جامع اصلاحات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔ یہ قانون وفاقی بجٹ 27 2926 پر عملدرآمد کی حتمی منظوری ہے اور اس کے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ، تعمیراتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔
فنانس ایکٹ کا مقصد مالی سال 27 2026 کیلئے حکومت کے 15 ہزار 264 ارب روپے کے ٹیکس وصولی ہدف کو حاصل کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے تقریباً 1.02 ٹریلین روپے کے ریونیو اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا زیادہ تر انحصار بالواسطہ ٹیکسوں، revised ودہولڈنگ ٹیکس، دستاویزی تقاضوں اور سخت نافذ کردہ اقدامات پر ہوگا۔
رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے اس قانون کے تحت وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ پراپرٹی سے متعلق ٹیکس اقدامات نافذ ہوں گے، جن میں جائیداد کی خرید و فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی بھی شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری، لین دین اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ حکومت نے سستے گھروں کے فروغ کیلئے 71 ارب روپے کی اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم بھی برقرار رکھی ہے۔
فنانس ایکٹ کے تحت درآمدی مرحلے پر 143.4 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف بھی فراہم کیا گیا ہے، جس میں کسٹمز ڈیوٹی، ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی شامل ہے۔ ان اقدامات سے تعمیراتی سامان، صنعتی خام مال اور دیگر درآمدی اشیا کی لاگت میں کمی کی توقع ہے۔
قانون میں ٹیکس نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنانے کیلئے کئی نئے اقدامات بھی شامل ہیں۔ ٹیکس پیئر سروسز اینڈ فیسیلیٹیشن انہانسمنٹ پروگرام سے 144 ارب روپے، سیلز ٹیکس ایکٹ کے تھرڈ شیڈول میں توسیع سے 91 ارب روپے، فیس لیس آٹو ٹیکس آفس اور الگورتھمک سیٹلمنٹ اقدامات سے 85 ارب روپے جبکہ پروڈکشن ڈیٹا انٹیگریشن اور رئیل ٹائم سیکٹورل ویریفکیشن فریم ورک سے بھی 85 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
دیگر اہم اقدامات میں ریٹیلر فارملائزیشن اور پی او ایس انٹیگریشن سکیم، سپلائی چین ڈیجیٹلائزیشن پالیسی، ریفائنریز پر ونڈ فال ٹیکس، ملاوٹ میں استعمال ہونے والی مخصوص پٹرولیم مصنوعات پر 80 روپے فی لیٹر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، منتخب لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس میں تبدیلی، بعض شعبوں کیلئے کم از کم ٹیکس میں اضافہ اور لگژری اشیا و مہنگی الیکٹرک گاڑیوں پر خصوصی ایکسائز ڈیوٹی شامل ہیں۔
فنانس ایکٹ کے تحت کچھ ٹیکس چھوٹیں بھی ختم کردی گئی ہیں، جن میں ہائبرڈ گاڑیوں پر کم سیلز ٹیکس اور قبائلی علاقوں میں درآمدات کیلئے دی گئی بعض رعایتیں شامل ہیں۔ حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، معیشت کو دستاویزی بنانا اور مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔