تاریخ اشاعت: September 5, 2026 - 12:01 PM
Frequent Changes in Petroleum Pricing Mechanism Raise Concerns in Pakistan’s Refining Industry
پٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار میں بار بار تبدیلیاں، ریفائننگ انڈسٹری میں تشویش
▫️چار ماہ میں قیمتوں کے طریقہ کار کی مختلف مدوں میں 7 سے 8 مرتبہ تبدیلیاں، انڈسٹری نے سرمایہ کاری اور ایندھن سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بار بار تبدیلیوں نے پاکستان کی ریفائننگ انڈسٹری میں شدید تشویش پیدا کردی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بار بار تبدیلیوں نے پاکستان کی ریفائننگ انڈسٹری میں شدید تشویش پیدا کردی ہے۔ ریفائنریز کے اعلیٰ حکام نے خبردار کیا ہے کہ قیمتوں کے نظام میں مسلسل مداخلت سے شعبے کی معاشیات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ایندھن کی سپلائی چین اور کمپنیوں کی مالیاتی پوزیشن پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق حکومت نے گزشتہ چار ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار کی مختلف مدوں میں سات سے آٹھ مرتبہ تبدیلی یا ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔ ریفائننگ سیکٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ پالیسی اور قیمتوں کے طریقہ کار میں بار بار ہونے والی تبدیلیاں کاروباری منصوبہ بندی اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہیں۔
ریفائنری حکام کے مطابق قیمتوں کے تعین کے نظام میں استحکام نہ ہونے کی صورت میں مقامی ریفائنریز کی آپریشنل اور مالیاتی منصوبہ بندی متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ ایندھن کی مسلسل اور مؤثر سپلائی برقرار رکھنا بھی ایک چیلنج بن سکتا ہے۔
صنعتی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو ریفائننگ کمپنیوں کی مالیاتی پوزیشن مزید کمزور ہوسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں نئی سرمایہ کاری، توسیعی منصوبوں اور موجودہ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن سے متعلق فیصلوں پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔
پاکستان کی ریفائننگ انڈسٹری میں جاری بحث ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت مقامی ریفائنریز کی استعداد اور پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے لیے براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع کر رہی ہے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق پالیسی میں تسلسل اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں استحکام نہ صرف ریفائنریز کے لیے بلکہ ملک کی مجموعی توانائی سکیورٹی کے لیے بھی اہم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طویل مدتی اور واضح پالیسی سے مقامی ریفائننگ صلاحیت میں سرمایہ کاری کو فروغ مل سکتا ہے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ریفائننگ سیکٹر کے حکام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں بار بار تبدیلیوں کے بجائے ایک شفاف، مستقل اور قابلِ پیش گوئی نظام وضع کیا جائے تاکہ صنعت طویل مدتی سرمایہ کاری اور آپریشنل فیصلے اعتماد کے ساتھ کرسکے۔