تاریخ اشاعت: March 13, 2026 - 11:42 AM
Fuel conservation plan: Govt proposes reduced speed limits on motorways and highways
ایندھن کی بچت کیلئے موٹرویز اور شاہراہوں پر رفتار کی حد کم کرنے کی تجویز
▫️ اقدام کا مقصد قومی سطح پر ایندھن کی کھپت میں کمی لانا ہے ▫️ نئی رفتار کی حد سے ٹریفک سیفٹی بہتر ہونے کی توقع
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان وفاقی حکومت کی جانب سے ایندھن کی بچت کے منصوبے کے تحت موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار کی حد کم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس پر عملدرآمد کی ذمہ داری نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو سونپی...
وفاقی حکومت کی جانب سے ایندھن کی بچت کے منصوبے کے تحت موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار کی حد کم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس پر عملدرآمد کی ذمہ داری نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو سونپی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد ملک میں ایندھن کی مجموعی کھپت میں کمی لانا اور درآمدی بل کو کم کرنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ رفتار پر گاڑیاں چلانے سے ایندھن کا استعمال نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے، اس لیے رفتار کی حد کم کرنے سے ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت موٹرویز پر کاروں کی زیادہ سے زیادہ رفتار کو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے تقریباً 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ قومی شاہراہوں پر رفتار کی حد 65 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رکھی جا سکتی ہے۔
نئی رفتار کی حد پر عملدرآمد کے بعد نہ صرف ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ ٹریفک حادثات میں کمی اور سڑکوں پر سفر مزید محفوظ ہونے کی بھی توقع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ نئی رفتار کی حدود کے اطلاق کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اس پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، جبکہ اس وقت تک شہریوں کو موجودہ ٹریفک قوانین کی پابندی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔