تاریخ اشاعت: September 26, 2026 - 1:01 PM
Gilgit-Baltistan Unveils Carbon Strategy and New Agriculture Policy with EU Support
گلگت بلتستان نے یورپی یونین کے تعاون سے کاربن حکمت عملی اور نئی زرعی پالیسی متعارف کرا دی
▫️ پہلی بار تیار کی گئی جی بی کاربن حکمت عملی کا مقصد موسمیاتی لچک، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے
گلگت | ری نیوز پاکستانگلگت بلتستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، ماحول کے تحفظ اور پائیدار زرعی ترقی کے لیے یورپی یونین (EU) کے تکنیکی و پالیسی تعاون سے دو اہم پالیسی اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔
گلگت بلتستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، ماحول کے تحفظ اور پائیدار زرعی ترقی کے لیے یورپی یونین (EU) کے تکنیکی و پالیسی تعاون سے دو اہم پالیسی اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔
یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے گلگت سیکریٹریٹ کمپلیکس میں منعقدہ تقریب کے دوران خطے کی پہلا جی بی کاربن سٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان جبکہ مجوزہ ایگریکلچر پالیسی اینڈ ایکشن پلان 2036-2027 کا باضابطہ اجراء کیا۔
دونوں پالیسی فریم ورک گلگت بلتستان حکومت کے لیے یورپی یونین کے تعاون سے جاری پالیسی منصوبے کے تحت تیار کیے گئے ہیں، جن کا مقصد خطے کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے، ماحولیاتی انتظام بہتر بنانے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا، ماحول کا تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی گلگت بلتستان کے حوالے سے یورپی یونین کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین گلگت بلتستان کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے میں معاونت جاری رکھے گی اور نئی حکمت عملی پر عملدرآمد کے مرحلے میں علاقائی حکومت کے ساتھ تکنیکی اور مالی تعاون مزید وسعت دے گی۔
سفیر نے کہا کہ پالیسی سازی کے اہم مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد یورپی یونین حکمت عملی پر عملدرآمد میں معاونت کے لیے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ اپنے تکنیکی اور مالی تعاون کو مزید بڑھائے گی۔
جی بی کاربن سٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان خطے میں کاربن مینجمنٹ اور موسمیاتی اقدامات کے حوالے سے پہلی جامع پالیسی دستاویز ہے، جس کا مقصد کاربن سے متعلق اثرات میں کمی کے لیے واضح سمت متعین کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی استعداد بڑھانا ہے۔
دوسری جانب مجوزہ ایگریکلچر پالیسی اینڈ ایکشن پلان 2036-2027 گلگت بلتستان میں زرعی شعبے کی طویل مدتی ترقی کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ پالیسی کے تحت زرعی شعبے کو زیادہ پائیدار بنانے اور اسے خطے کی معاشی ترقی اور مقامی آبادی کے روزگار میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے آئندہ اقدامات کی رہنمائی متوقع ہے۔
تقریب کے دوران یورپی یونین کے حکومت گلگت بلتستان کے لیے پالیسی سپورٹ پراجیکٹ کے ٹیم لیڈر اور کاربن ایکسپرٹ اصحاب اللہ بیگ نے کاربن اسٹریٹیجی اینڈ ایکشن پلان کے اہم خدوخال، ترجیحات اور حکمت عملی کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ دی۔
دونوں اقدامات کا اجراء یورپی یونین کے تعاون سے جاری منصوبے کے پالیسی سازی کے اہم مرحلے کی تکمیل ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں گلگت بلتستان حکومت کے اشتراک سے ان پالیسیوں کو عملی پروگراموں اور ترقیاتی اقدامات میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔