تاریخ اشاعت: May 12, 2026 - 9:40 AM
Gwadar Development Authority Approves PKR 280 Billion Phased Development Plan Under New Master Plan
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ماسٹر پلان کے تحت 280 ارب روپے کے مرحلہ وار ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
▫️گوادر ماسٹر پلان 2025ء تا 2035ء کے دوسرے مرحلے کا مقصد ساحلی شہر کو جدید، سمارٹ، ماحول دوست اور عالمی معیار کا پورٹ سٹی بنانا ہے
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گوادر ماسٹر پلان 2025ء تا 2035ء کے دوسرے مرحلے کے تحت تقریباً 280 ارب روپے مالیت کے بڑے مرحلہ وار ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی ہے، جسے ساحلی شہر کی طویل المدتی شہری اور معاشی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
منصوبے کی منظوری جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی گئی، جس میں اتھارٹی کے آئندہ 10 سالہ ترقیاتی روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا اور اسے حتمی شکل دی گئی۔ اس روڈ میپ کا مقصد گوادر کو ایک جدید، سمارٹ، ماحول دوست اور عالمی سطح پر مسابقت رکھنے والے پورٹ سٹی میں تبدیل کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران حکام کو بریفنگ دی گئی کہ جی ڈی اے ایک جامع پی سی ون پر مبنی ترقیاتی پروگرام تیار کر رہی ہے، جسے پہلے صوبائی حکومت کو پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کو 27-2926 کے ترقیاتی پورٹ فولیو میں شامل کیے جانے کی توقع ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ عبدالرزاق نے اجلاس کو بتایا کہ مجوزہ ترقیاتی پروگرام میں جی ڈی اے کے موجودہ بزنس پلان سمیت متعدد جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کو مربوط کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد گوادر ماسٹر پلان پر مؤثر، مربوط اور عملی انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار ترقیاتی ماڈل کے تحت آئندہ دہائی کے دوران انفراسٹرکچر کی توسیع، شہری منصوبہ بندی، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور شہری سہولتوں کی بہتری کے منصوبوں کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ اس پروگرام سے گوادر کے اس وسیع تر اسٹریٹجک کردار کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے جو علاقائی تجارت اور معاشی سرگرمیوں سے جڑا ہوا ہے۔
جی ڈی اے کے مطابق نیا ترقیاتی روڈ میپ پائیدار ترقی، بہتر شہری خدمات اور سرمایہ کاری دوست منصوبہ بندی کے لیے واضح فریم ورک فراہم کرے گا، جبکہ گوادر کی ترقی کو طویل المدتی معاشی اور سٹریٹجک اہداف سے ہم آہنگ کیا جائے ۔