تاریخ اشاعت: May 19, 2026 - 10:30 AM
IHC Seeks CDA Response on Appeal by 20 More One Constitution Avenue
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے مزید 20 سب لیز ہولڈرز کی اپیل پر سی ڈی اے سے جواب طلب کر لیا
▫️اپیل کنندگان کی جانب سے اپارٹمنٹ مالکان کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی استدعا، رہائشیوں نے واجبات ادا کر رکھے ہیں، وکیل کا موقف
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹس کے مزید 20 سب لیز ہولڈرز کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 20 افراد کی جانب سے دائر اپیلوں پر سماعت کی، جن میں سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، سابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور دیگر شامل ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سی ڈی اے کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے اور فریقین آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔
سماعت کے دوران اپیل کنندگان کے وکیل علی رضا نے عدالت سے اپارٹمنٹ مالکان کو تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔
وکیل نے موقف اختیار کیا کہ رہائشیوں کو خدشہ ہے کہ اگر کمیٹی 26 مئی کو یہ کہہ دیتی ہے کہ مزید کچھ نہیں کیا جا سکتا، تو عید کے اگلے روز حکام انہیں بے دخل کرنے کے لیے پہنچ سکتے ہیں۔
اس پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اپیل کنندگان بنیادی طور پر سکون سے عید گزارنا چاہتے ہیں۔ وکیل نے جواب دیا کہ درخواست ان اپارٹمنٹ مالکان کے تحفظ کے لیے ہے جنہوں نے اپنے واجبات ادا کر رکھے ہیں اور وہ قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تقریباً 200 رہائشیوں نے اپنی رقم ادا کی ہے اور انہیں اس جائیداد میں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سطح پر بنائی گئی کمیٹی بھی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔
اپیل کنندگان نے سنگل بنچ کے فیصلے کے پیراگراف 30 کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس سے ان کے حقوق متاثر ہوئے ہیں۔ وکیل کے مطابق اپارٹمنٹ مالکان کے حقوق اور قبضے کو تسلیم کیا جا چکا ہے، جبکہ رہائشی ٹاورز بی اور سی منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق تعمیر کیے گئے تھے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ 2023 میں لیز منسوخ ہونے کے بعد سی ڈی اے نے اپنے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا تھا۔ بعد ازاں رہائشیوں کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی قائم کی گئی، جو سی ڈی اے کی نگرانی میں دونوں رہائشی ٹاورز کے انتظامی اور روزمرہ امور دیکھ رہی ہے۔
اپیل کنندگان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لیز منسوخی کے باوجود سب لیز ہولڈرز کے قانونی حقوق برقرار ہیں اور وہ قانونی قبضے کے تحت رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سب لیز کے ذریعے حاصل حقوق کو قانونی اور مؤثر قرار دیا جائے، سی ڈی اے کو اپارٹمنٹس کے پرامن قبضے میں مداخلت سے روکا جائے اور سنگل بنچ کے فیصلے کے پیراگراف 30 کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ تک جواب طلب کر لیا۔