تاریخ اشاعت: May 9, 2026 - 9:40 AM
Illegal Construction Network in Karachi Turns Dilapidated Buildings into a Major Threat for Residents
کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کا جال، مخدوش عمارتیں شہریوں کیلئے بڑا خطرہ بن گئیں
▫️ناظم آباد، گلبہار اور دیگر علاقوں میں سینکڑوں غیر معیاری پلازے موجود، بنیادی سہولیات پر شدید دباؤ
شہر قائد میں غیر قانونی اور غیر معیاری تعمیرات کا مسئلہ ایک سنگین شہری بحران کی شکل اختیار کرچکا ہے، جہاں متعدد رہائشی عمارتیں کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ سپریم کورٹ میں کراچی کے مسائل اور ناجائز تعمیرات سے متعلق حالیہ سماعت کے بعد بلڈرز، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بعض سیاسی عناصر کے کردار پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
شہری حلقوں اور سماجی مبصرین کے مطابق کراچی خصوصاً ناظم آباد، گلبہار اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران غیر قانونی تعمیرات میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جہاں رہائشی مکانات کو منہدم کرکے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کثیر المنزلہ پلازے تعمیر کیے گئے۔ متعلقہ قوانین کے تحت کئی علاقوں میں گراؤنڈ پلس ٹو سے زائد تعمیرات پر پابندی موجود ہے، تاہم اس کے باوجود متعدد بلند عمارتیں تعمیر کی گئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کی تعمیر میں قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا جبکہ مبینہ طور پر رشوت اور سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے منظوریوں کا عمل مکمل کیا جاتا رہا۔ شہریوں کے مطابق کئی عمارتیں ناقص میٹریل اور غیر معیاری تعمیراتی طریقوں کے باعث مخدوش حالت اختیار کرچکی ہیں، جس سے کسی بڑے سانحے کا خدشہ بڑھتا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک رہائشی مکان کی جگہ درجنوں فلیٹس کی تعمیر سے علاقے کی آبادی میں غیر متوازن اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانی، بجلی، گیس اور سیوریج جیسے بنیادی ڈھانچے پر شدید دباؤ پڑا ہے۔ متعدد علاقوں میں پارکنگ کے مسائل، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور نکاسی آب کی خراب صورتحال شہریوں کیلئے مستقل اذیت بن چکی ہے۔
شہری و سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض بااثر بلڈرز نے سیاسی روابط اور غیر قانونی سرمائے کے ذریعے تعمیراتی شعبے میں اثر و رسوخ قائم کیا۔ ان حلقوں کے مطابق متعلقہ اداروں کے بعض افسران اور اہلکار بھی اس مبینہ کرپشن میں ملوث رہے، جن کی مالی حیثیت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث بلڈر مافیا مزید طاقتور ہوتا گیا، جبکہ سیاسی اور سماجی جماعتیں بھی اس مسئلے کے مستقل حل میں خاطر خواہ کردار ادا نہ کرسکیں۔
شہریوں اور ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ مخدوش اور غیر قانونی عمارتوں کی فوری سروے رپورٹ تیار کی جائے، بلڈنگ کنٹرول نظام میں شفافیت لائی جائے، اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بڑے انسانی سانحے سے بچا جاسکے۔