تاریخ اشاعت: April 27, 2026 - 9:30 AM
Inheritance Property Case: Time Barred Claims Cannot Be Revived by Heirs, Lahore High Court Rules
وراثتی جائیداد کیس: مدتِ میعاد گزرنے کے بعد ورثاء کے ذریعے دعویٰ بحال نہیں کیا جا سکتا، لاہور ہائیکورٹ
▫️رواجی قانون، ریونیو ریکارڈ کی قانونی حیثیت اور تیسرے فریق کے حقوق کو تحفظ حاصل ہے
لاہور ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اگر اصل مالک اپنی زندگی میں جائیداد کے انتقال کو چیلنج کرنے میں ناکام رہے تو اس کے بعد ورثاء کو ایسے پرانے اور مدتِ میعاد سے تجاوز کر جانے والے دعووں کو دوبارہ زندہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
یہ فیصلہ جان محمد کی جانب سے دائر درخواست پر سنایا گیا، جس میں انہوں نے تقریباً آٹھ دہائیوں بعد وراثتی زرعی اراضی کے انتقال کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے اس غیر معمولی تاخیر کو نہ صرف غیر معقول بلکہ ناقابلِ معافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے وراثت کے پردے میں جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ اگرچہ بعض حالات میں وراثتی حقوق مسلسل نوعیت کے حامل ہو سکتے ہیں، تاہم یہ اصول مطلق نہیں اور اس کا اطلاق ہمیشہ مساویانہ اصولوں کے تابع ہوتا ہے، جن میں تاخیر، خاموشی اختیار کرنا (acquiescence) اور فریقین کا طرزِ عمل شامل ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ زبانی اور دستاویزی شواہد سے یہ امر ثابت ہوتا ہے کہ متعلقہ دور میں وراثت کا نظام رواج (custom) کے تحت چلتا تھا۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ 1948 سے قبل زرعی اراضی حاصل کرنے والا شخص اس کا مکمل مالک تصور ہوتا تھا، جبکہ بعد ازاں پنجاب مسلم پرسنل لا (شریعت) ایپلیکیشن ایکٹ 1948 اور پھر ویسٹ پاکستان مسلم پرسنل لا (شریعت) ایپلیکیشن ایکٹ 1962 کی دفعہ 2-اے کے تحت ایسے حقوق کو قانونی تحفظ حاصل رہا۔
عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار کسی قسم کی دائرہ اختیار کی خامی، غیر قانونی اقدام یا اہم بے ضابطگی ثابت کرنے میں ناکام رہے جو نظرثانی کے اختیار کے تحت مداخلت کا جواز بنتی۔
مزید برآں عدالت نے نشاندہی کی کہ ریونیو ریکارڈ میں طویل عرصے سے موجود اندراجات، بالخصوص مدعا علیہان کے حق میں، ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ 52 کے تحت محفوظ ہیں۔ عدالت کے مطابق مقررہ مدت گزرنے کے بعد مخالف فریق کے حق میں ایک مستحکم قانونی حق پیدا ہو جاتا ہے۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ متنازعہ انتقال کی بنیاد پر متعدد مزید انتقالات ٹدانسفرز عمل میں آ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں تیسرے فریق، بشمول بعد کے خریداروں، کے حقوق پیدا ہو چکے ہیں۔ عدالت نے خبردار کیا کہ کئی دہائیوں بعد ایسے معاملات کو چھیڑنے سے جائیداد کے نظام میں غیر یقینی، عدم استحکام اور انتشار پیدا ہوگا۔
عدالت نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ریونیو ریکارڈ میں دیرینہ اندراجات درست ہونے کا قرینہ رکھتے ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ اپیلیٹ کورٹ نے شواہد کا جامع، گہرائی اور انصاف پر مبنی جائزہ لیا اور ایسا فیصلہ دیا جو قانون کے مطابق اور ٹھوس وجوہات پر مبنی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کو غلط پڑھنے یا نظر انداز کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی فیصلہ من مانی یا غیر معقول ہے۔ چنانچہ عدالت نے نتیجہ اخذ کیا کہ اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے اور ڈگری میں کوئی غیر قانونی امر موجود نہیں، لہٰذا درخواست خارج کر دی گئی۔