تاریخ اشاعت: October 22, 2026 - 9:01 AM
Inherited Property Partition Attracts Rs 500 Stamp Duty, Not 2%: Lahore High Court
وراثتی جائیداد کی تقسیم پر 2 فیصد نہیں، 500 روپے سٹامپ ڈیوٹی عائد ہوگی: لاہور ہائیکورٹ
▫️ ماتحت عدالتوں نے 2 فیصد سٹامپ ڈیوٹی عائد کرنے کی قانونی بنیاد بیان نہیں کی : فاضل عدالت فیصد کے حساب سے ڈیوٹی وصول کرنے سے متعلق ماتحت عدالتوں کے 2025 کے فیصلے کالعدم قرار
لاہور | ری نیوز پاکستانلاہور ہائیکورٹ نے وراثتی جائیداد کی تقسیم پر سٹامپ ڈیوٹی سے متعلق اہم فیصلہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متعلقہ قانونی استثنا کے تحت ایسی تقسیم پر جائیداد کی مالیت کے حساب سے 2 فیصد کے بجائے 500 روپے مقررہ اسٹامپ ڈیوٹی...
لاہور | ری نیوز پاکستان
لاہور ہائیکورٹ نے وراثتی جائیداد کی تقسیم پر سٹامپ ڈیوٹی سے متعلق اہم فیصلہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متعلقہ قانونی استثنا کے تحت ایسی تقسیم پر جائیداد کی مالیت کے حساب سے 2 فیصد کے بجائے 500 روپے مقررہ اسٹامپ ڈیوٹی قابلِ وصول ہے۔
جسٹس تنویر احمد شیخ نے شہری محمد سجاد کی رٹ پٹیشن منظور کرتے ہوئے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے سٹامپ ڈیوٹی سے متعلق سول جج اور ایڈیشنل سیشن جج کے 2025 میں جاری کردہ فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ماتحت عدالتوں نے 2 فیصد سٹامپ ڈیوٹی عائد کرنے کی قانونی بنیاد بیان نہیں کی۔ فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ دیگر شریک مالکان کو مقدمے میں فریق بنانے سے وراثتی تقسیم کے معاملے کی بنیادی نوعیت تبدیل نہیں ہوتی، جبکہ قانونی اختیار کے بغیر جائیداد کی مالیت کے تناسب سے مالی بوجھ عائد نہیں کیا جاسکتا۔
اس فیصلے کا قانونی پس منظر سٹامپ ایکٹ 1899 کے شیڈول اوّل کے آرٹیکل 45 میں موجود خصوصی استثنا ہے۔ پنجاب بورڈ آف ریونیو کے مطابق شہری یا دیہی جائیداد، بشمول زرعی زمین، کی ایسی دستاویزِ تقسیم پر 500 روپے مقررہ اسٹامپ ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے جس کی بنیاد جزوی یا مکمل طور پر وراثت کھلنے پر ہو۔ اس شق میں وراثت سے متعلق تقسیم کے لیے الگ قانونی حکم موجود ہے۔
اسی قانون کی دفعہ 2 کی شق 15 میں دستاویزِ تقسیم کی تعریف بھی دی گئی ہے۔ اس میں شریک مالکان کے درمیان جائیداد تقسیم کرنے یا تقسیم پر اتفاق کی دستاویز کے ساتھ تقسیم نافذ کرنے کے لیے سول عدالت یا ریونیو اتھارٹی کا حتمی حکم اور تقسیم کا حکم دینے والا ثالثی فیصلہ بھی شامل ہے۔ یوں قانونی تعریف صرف باہمی طور پر تیار کردہ تقسیم نامے تک محدود نہیں۔
قانونی متن سے واضح ہوتا ہے کہ 500 روپے کی مقررہ ڈیوٹی کا تعلق وراثت کی بنیاد پر ہونے والی تقسیم کی متعلقہ دستاویز سے ہے۔ اس رعایت کو جائیداد کی ہر قسم کی فروخت، ہبہ یا دوسری منتقلی پر یکساں طور پر لاگو قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ خبر میں بیان کردہ عدالتی نتیجہ اسی وراثتی تقسیم اور اس پر سٹامپ ڈیوٹی کے تنازع سے متعلق ہے۔