تاریخ اشاعت: July 9, 2026 - 1:00 PM
Inquiry Launched into One Constitution Avenue Project as Committee Seeks Key Record from CDA
ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو منصوبے کی تحقیقات کا آغاز، انکوائری کمیٹی نے سی ڈی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا
▫️وزیراعظم کی منظوری کے بعد قائم کمیٹی پلاٹ کی الاٹمنٹ، مبینہ ڈیفالٹ کے باوجود تعمیراتی سرگرمیوں اور اپارٹمنٹس کی فروخت کا تفصیلی جائزہ لے گی
وفاقی دارالحکومت میں واقع ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو منصوبے سے متعلق تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے قائم کی گئی اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے منصوبے کے پلاٹ کی الاٹمنٹ، تعمیراتی سرگرمیوں، مالی معاملات اور دیگر متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے، جبکہ منصوبے میں فروخت کیے گئے اپارٹمنٹس کی تفصیلات بھی جمع کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کا دائرہ کار اس امر کا جائزہ لینا بھی ہے کہ آیا مبینہ طور پر ڈیفالٹ کی صورتحال کے باوجود منصوبے پر تعمیراتی کام کس قانونی اور انتظامی بنیاد پر جاری رہا۔ اس حوالے سے سی ڈی اے سے پلاٹ کی الاٹمنٹ، لیز، ادائیگیوں، واجبات، تعمیراتی منظوریوں اور منصوبے سے متعلق دیگر سرکاری دستاویزات طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی منصوبے میں اپارٹمنٹس کی فروخت، خریداروں کا ریکارڈ، ادائیگیوں کی تفصیلات اور سرمایہ کاری کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لے گی تاکہ تمام معاملات کی شفاف انداز میں جانچ کی جا سکے۔
یاد رہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو منصوبہ شاہراہ دستور پر جناح کنونشن سینٹر کے قریب واقع ہے اور گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف انتظامی اور مالی معاملات کے باعث توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے اس منصوبے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی تھی، جس کے بعد چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد کمیٹی کے ارکان نامزد کیے۔ کمیٹی میں گریڈ 21 یا اس کے مساوی عہدے کے سینئر افسران شامل کیے گئے ہیں تاکہ تحقیقات کو غیر جانبدارانہ اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق تحقیقات کی مجموعی نگرانی ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ مختلف وفاقی اداروں اور متعلقہ محکموں سے مرحلہ وار ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔ تحقیقاتی عمل مکمل ہونے کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں مزید قانونی اور انتظامی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔