تاریخ اشاعت: July 23, 2026 - 1:10 PM
Investors Raise Serious Concerns Over Privatisation of FESCO, GEPCO and IESCO, Seek Clarity on Government Policies
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری پر سرمایہ کاروں کے سنجیدہ تحفظات، حکومتی پالیسیوں پر وضاحت طلب
30 سے زائد مقامی اور 23 بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ٹیرف، ریگولیٹری فریم ورک، پالیسی تسلسل اور انتظامی اختیارات پر سوالات اٹھا دیے
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) , گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) اور آئیسکو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آ ئیسکو) کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کو ممکنہ سرمایہ کاروں کے اہم تحفظات کا سامنا ہے، جس کے باعث حکومت کو سرمایہ کاروں کو اضافی یقین دہانیاں اور وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرمایہ کاروں نے بجلی کے نرخ مقرر کرنے کے طریقہ کار، نیپرا کے ریگولیٹری اختیارات، نجکاری کے بعد حکومتی مداخلت، پالیسیوں کے تسلسل، خود بجلی پیدا کرنے کی اجازت، اور کمپنیوں کے انتظامی اختیارات سے متعلق تفصیلی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ واضح اور مستحکم قواعد کے بغیر اربوں روپے کی سرمایہ کاری ممکن نہیں۔
حکومت نے ان تینوں ڈسکوز میں 51 سے 100 فیصد تک حصص اور انتظامی کنٹرول نجی شعبے کے حوالے کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یہ تینوں کمپنیاں پنجاب اور اسلام آباد کے بڑے صنعتی، تجارتی اور شہری علاقوں میں 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں پاکستان کی نسبتاً بہتر کارکردگی دکھانے والی تقسیم کار کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
نجکاری کمیشن نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ترکی، سعودی عرب، چین اور پاکستان کے مختلف شہروں میں روڈ شوز منعقد کیے۔ ان سرگرمیوں کے دوران 30 سے زائد مقامی کاروباری گروپس اور 23 بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں جبکہ صرف ترکی میں 11 بڑے کاروباری گروپس کے ساتھ الگ الگ پریزنٹیشنز بھی دی گئیں۔
حکومت نے دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کی درخواست پر فیسکو اور گیپکو کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کی، تاکہ سرمایہ کار اپنی اندرونی جانچ اور مالی جائزہ مکمل کر سکیں۔
نجکاری کمیشن نے اب تک دلچسپی ظاہر کرنے والے سرمایہ کاروں یا کمپنیوں کے نام سرکاری طور پر جاری نہیں کیے۔ حکام صرف یہ بتا رہے ہیں کہ مقامی کاروباری گروپس اور بین الاقوامی سرمایہ کار ترکی، سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔