اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
اسلام آباد کے سیکٹر ایچ سولہ میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور منصوبہ افتتاح کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے، جبکہ جیل فعال ہونے کے بعد اڈیالہ جیل راولپنڈی میں موجود اسلام آباد کے تمام قیدی یہاں منتقل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھی اسلام آباد کی نئی جیل منتقل کیے جانے کا امکان ہے، تاہم ان کی منتقلی کے کسی حتمی فیصلے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
90 ایکڑ پر محیط منصوبے کے پہلے مرحلے میں ایک ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے، جس کیلئے تین بیرکس تعمیر کی گئی ہیں۔ اس مرحلے میں سپرنٹنڈنٹ جیل کی رہائش گاہ، افسران کیلئے 12 فلیٹس اور عملے کیلئے تین منزلہ بیرکس بھی تیار کی گئی ہیں۔
جیل میں 32 بستروں کا ہسپتال، انتظامی بلاک اور کچن تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ نگرانی کیلئے دو واچ ٹاور اور 34 پوسٹیں بنائی گئی ہیں۔ جیل کی تعمیر پر سات ارب روپے لاگت آئی ہے۔ عملے کی تعیناتی کردی گئی ہے، جبکہ ہسپتال سی ڈی اے کا عملہ چلائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے گزشتہ روز منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیراتی کام، ضروری بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، منصوبے کی موجودہ صورتحال اور تکمیل کی مقررہ مدت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سروسز سی ڈی اے معشوق علی شیخ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور اسلام آباد جیل کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سہیل اشرف نے تعمیراتی کام کے معیار پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔