اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
وفاقی دارالحکومت میں سیل کی گئی اخبار مارکیٹ دو روز بعد دوبارہ کھول دی گئی، جس کے بعد شہر بھر میں اخبارات کی ترسیل بحال ہوگئی۔
اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکریٹری جنرل ٹکا خان نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخبار مارکیٹ کے معاملے پر سی ڈی اے یا کسی دوسرے سرکاری ادارے کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ سے 400 اخبار فروش وابستہ ہیں اور یہ تقریباً 47 سال قبل قائم کی گئی تھی۔ ان کے مطابق مارکیٹ کو پیشگی اطلاع دیے بغیر سیل کر دیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور موتمر عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل راجہ محمد ظفر الحق نے اس معاملے پر کہا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر میڈیا کے ساتھ غیر دوستانہ رویہ اختیار کرکے حکومت کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ انہوں نے 1982 میں وزیر اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے یہ مارکیٹ اخبار فروش یونین کو الاٹ کروائی تھی۔