اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں تقریباً 150 ایکڑ اراضی پر 8 عالمی معیار کے عجائب گھر تعمیر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کی تاریخ، قومی ورثے، اسلامی تہذیب، ثقافت اور مسلح افواج کی خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف عجائب گھر قائم کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 21 اکتوبر کو اسلام آباد کے علاقوں ملپور اور بہارہ کہو میں سرکاری اراضی پر مبینہ غیرقانونی قبضوں اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے دوران اس منصوبے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق مجوزہ عجائب گھروں میں نیشنل ہیریٹیج میوزیم، ہسٹری میوزیم، آرمڈ فورسز میوزیم اور اسلامک میوزیم شامل ہوں گے، جبکہ دیگر عجائب گھروں میں پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور قومی تشخص کے مختلف پہلوؤں کو نمایاں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کیلئے ملپور کے قریب تقریباً 150 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے، جہاں ایک بڑے ثقافتی اور تاریخی مرکز کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
منصوبے کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں ایسے ادارے قائم کرنا ہے جہاں شہری، طلبہ، محققین اور سیاح پاکستان کی تاریخ، قومی ورثے، اسلامی تہذیب اور دفاعی خدمات سے متعلق معلومات اور تاریخی نوادرات سے استفادہ کرسکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے دورے کے دوران احمدپور کے علاقے میں 108 کنال سرکاری اراضی پر مبینہ غیرقانونی قبضے اور تعمیرات کی موجودگی کا بھی انکشاف کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کی نشاندہی اور قانونی حیثیت کی جانچ کے بعد غیرقانونی قبضوں کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں سرکاری زمینوں اور رہائشی اپارٹمنٹس پر کئی دہائیوں سے غیرقانونی قبضوں کا سلسلہ جاری ہے اور بعض افراد نے سرکاری زمینوں پر فارم ہاؤسز اور دیگر عمارتیں بھی تعمیر کررکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں صرف قبضہ کرنے والے افراد ہی نہیں بلکہ ان غیرقانونی سرگرمیوں کو نظرانداز کرنے یا ان کی سہولت کاری کرنے والے متعلقہ سرکاری ملازمین کی ذمہ داری کا تعین بھی ضروری ہے۔