تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 11:01 AM
KP Moves to Regulate Unregistered and Illegal Housing Schemes
خیبر پختونخوا میں غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ
▫️پختونخوا ہاؤسنگ سکیمز ریگولیشنز 2024 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری،تعمیراتی نقشوں کی منظوری کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی غور
پشاور | ری نیوز پاکستانخیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو ریگولیٹ کرنے، تعمیراتی نقشوں کی منظوری کے عمل کو بہتر بنانے اور غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو ریگولیٹ کرنے، تعمیراتی نقشوں کی منظوری کے عمل کو بہتر بنانے اور غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (لبکا) کے کونسل اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا ہاؤسنگ سکیمز ریگولیشنز 2024 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ نے غیر منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کا تعین کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ سکیموں کو رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی حتمی تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا۔
مجوزہ طریقہ کار کے تحت مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن کے لیے درخواست جمع نہ کرانے والی یا قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ سکیموں کو قانونی دائرہ کار میں لانا ہاؤسنگ قوانین میں ترامیم کا ایک اہم مقصد ہے۔
اجلاس میں تعمیراتی نقشوں کی منظوری کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لبکا کو صوبے کی مختلف ترقیاتی اتھارٹیز کے لیے تعمیراتی نقشوں کی منظوری کا مرکزی نظام تیار کرنے کی ہدایت کی، تاہم پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کو مجوزہ نظام سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی اتھارٹیز کے انضمام یا مرکزی منظوری کے نظام کے قیام سے متعلق حتمی لائحہ عمل دو ہفتوں کے اندر پیش کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی اتھارٹیز کی کارکردگی بہتر بنانے اور منظوری کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے مربوط اور مؤثر نظام ضروری ہے۔
اجلاس میں لبکا کی انتظامی صلاحیت مزید بہتر بنانے کے لیے 21 نئی آسامیوں کی تخلیق کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
حکام نے ہاؤسنگ سکیموں کی رجسٹریشن اور تجدید کے لیے مجوزہ فیس سٹرکچر کے علاوہ یکساں ملبہ فیس کے نفاذ سے متعلق کونسل کو بریفنگ دی۔ کونسل نے مجوزہ فیس سٹرکچر اور ملبہ فیس کی اصولی منظوری دے دی۔
پانچ مرلہ تک کے رہائشی عمارتوں کے نقشوں کو ملبہ فیس سے مستثنیٰ قرار دینے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔ وزیراعلیٰ نے معاملہ مزید غور کے لیے فنانس کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔
لبکا اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کے درمیان موجودہ آمدن کی تقسیم کا فارمولہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ فارمولے کے تحت لبکا کو 25 فیصد جبکہ ٹی ایم ایز کو 75 فیصد آمدن حاصل ہوتی ہے۔
کونسل نے مالی سال 26-2025 کے لیے لبکا کے نظرثانی شدہ بجٹ اور رواں مالی سال کے تخمینہ شدہ بجٹ کی بھی منظوری دی۔ مالی اثرات رکھنے والے معاملات پر سفارشات مرتب کرنے کے لیے فنانس کمیٹی بھی قائم کی گئی۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے حکام کو غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام، پائیدار ترقی کے فروغ اور ٹی ایم ایز کو مضبوط بنانے پر بیک وقت توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
حکومت کے یہ اقدامات خیبر پختونخوا بھر میں ہاؤسنگ سکیموں کے ریگولیٹری نظام پر اثرانداز ہوں گے، بالخصوص ان سکیموں پر جو رجسٹریشن یا منظوری کے بغیر کام کر رہی ہیں۔ تاہم حکومتی اقدام کا مقصد اہل ہاؤسنگ سکیموں کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرنا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام غیر رجسٹرڈ یا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو خودکار طور پر قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔