تاریخ اشاعت: September 11, 2026 - 11:01 AM
Lahore High Court: Petition Challenging Electricity Slab System, Detailed Response Sought from NEPRA
لاہور ہائیکورٹ: بجلی بلوں میں سلیب سسٹم کیخلاف درخواست، نیپرا سے تفصیلی جواب طلب کر لیا گیا
▫️ درخواست گزار اشبا کامران کا سلیب سسٹم کو آئین و قانون کے منافی قرار دینے کا مؤقف، اضافی بلنگ کو چھ ماہ تک جاری رکھنے پر بھی اعتراض
لاہور | ری نیوز پاکستان بجلی کے بلوں میں سلیب سسٹم کے نفاذ اور لائف لائن صارفین کے لیے موجودہ سہولتوں میں مبینہ تبدیلی کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔
بجلی کے بلوں میں سلیب سسٹم کے نفاذ اور لائف لائن صارفین کے لیے موجودہ سہولتوں میں مبینہ تبدیلی کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔
جسٹس خالد اسحاق نے خاتون شہری اشبا کامران کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں نیپرا سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی صارفین کے لیے لائف لائن سلیب ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بھی اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق بجلی بلوں میں موجودہ سلیب سسٹم صارفین کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم سلیب سسٹم کے تحت معمولی اضافی استعمال کی صورت میں بل میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ بعض صورتوں میں بجلی کا بل دوگنا سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے، جبکہ اضافی بلنگ کا اثر صارفین پر کئی ماہ تک برقرار رہتا ہے۔ درخواست گزار نے اس طریقہ کار کو صارفین کے لیے مالی سزا کے مترادف قرار دیتے ہوئے عدالت سے اس کا جائزہ لینے کی استدعا کی۔
درخواست گزار نے عدالت سے مؤقف اختیار کیا کہ بجلی کے بلوں میں سلیب سسٹم کا موجودہ نفاذ آئین اور متعلقہ قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا، اس لیے اس کے قانونی جواز کا تعین کیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ مفاد عامہ سے متعلق کیسز کو فوری نوعیت کے مقدمات کے بعد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ بجلی صارفین کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ممکن ہوسکے۔
عدالت نے درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد نیپرا سے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ کیس کی آئندہ سماعت میں ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے سلیب سسٹم، لائف لائن صارفین کی کیٹیگری اور بجلی بلوں میں اضافے سے متعلق قانونی و انتظامی مؤقف سامنے آنے کا امکان ہے۔