تاریخ اشاعت: May 29, 2026 - 3:00 PM
Major Progress in Fortune Empire Case as Assets Worth Rs 6 Billion Transferred to NAB
فارچون ایمپائر کیس میں اہم پیش رفت، 6 ارب روپے مالیت کے اثاثے نیب کے نام منتقل
▫️چھ ماہ میں تعمیراتی پیش رفت لازمی قرار، ناکامی کی صورت میں نیب کو اثاثوں کی نیلامی کا مکمل اختیار حاصل ہوگا
فارچون ایمپائر کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اشرف ڈھیڈی سے منسلک تعمیراتی منصوبے کے تقریباً 6 ارب روپے مالیت کے اثاثے قومی احتساب بیورو (نیب) کے نام منتقل کر دیے گئے ہیں، جبکہ پراجیکٹ کا جنرل پاور آف اٹارنی بھی چیئرمین نیب یا ان کے نامزد افسران کے نام کر دیا گیا ہے۔
نیب اسلام آباد/راولپنڈی میں MAK ڈھیڈی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف فارچون ایمپائر اور فارچون ریزیڈنسی منصوبوں سے متعلق مبینہ دھوکہ دہی کیس زیر تفتیش تھا۔ ذرائع کے مطابق معروف بزنس مین اشرف کریم ڈھیڈی سے منسلک تقریباً 12 سال پرانے تعمیراتی منصوبے میں ملزمان کی جانب سے 6 ارب روپے مالیت کے اثاثوں پر مشتمل فل اینڈ فائنل سیٹلمنٹ آفر نیب کو پیش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے ملزمان کی سرنڈر آفر اور سیٹلمنٹ پلان منظور کر لیا، جس کے بعد معاملہ احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں ملزمان اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے، جہاں ان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ بعد ازاں احتساب عدالت نے بھی سیٹلمنٹ پلان کی منظوری دے دی۔
منظور شدہ پلان کے تحت منصوبے میں چھ ماہ کے اندر تعمیراتی پیش رفت لازمی قرار دی گئی ہے۔ اگر مقررہ مدت میں منصوبے پر مطلوبہ پیش رفت نہ ہوئی تو نیب کو متعلقہ اثاثوں کی نیلامی کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس پیش رفت کو فارچون ایمپائر اور فارچون ریزیڈنسی منصوبوں کے متاثرین کے لیے ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ سیٹلمنٹ پلان کے ذریعے منصوبے کے اثاثوں کو قانونی نگرانی میں لا کر مستقبل کی تعمیراتی پیش رفت اور ممکنہ ریکوری کے لیے راستہ ہموار کیا گیا ہے۔