تاریخ اشاعت: July 11, 2026 - 11:00 AM
Major Progress on Punjab Model Villages Project as Development Contracts Worth Rs61 Billion Finalised
پنجاب کے مثالی گاؤں منصوبے میں بڑی پیش رفت، 61 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکے فائنل
▫️485 دیہات منصوبے میں شامل، پہلے مرحلے میں 40 گاؤں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت
پنجاب حکومت کے 61 ارب 12 کروڑ روپے مالیت کے "مثالی گاؤں منصوبے" میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مجموعی طور پر 485 دیہات کو اس بڑے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو منصوبے کی بروقت تکمیل کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پہلے مرحلے میں 40 منتخب دیہات میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبے کے ثمرات جلد از جلد دیہی آبادی تک پہنچ سکیں۔
منصوبے کے تحت پنجاب کے دیہی علاقوں میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی، جدید ڈرینیج نظام، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، بچوں کے لیے جدید پارکس، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جس سے دیہی انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق 485 میں سے 463 دیہات کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے کامیابی سے فائنل کر لیے گئے ہیں، جبکہ باقی 22 دیہات کے منصوبوں کے لیے دوبارہ ٹینڈر جاری کیے جائیں گے تاکہ شفاف اور مسابقتی طریقہ کار کے تحت کام مکمل کیا جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ مثالی گاؤں منصوبہ پنجاب کی دیہی ترقی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے تقریباً 34 لاکھ دیہی شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات، صحت مند ماحول اور جدید طرز کی عوامی خدمات میسر آئیں گی۔ منصوبے سے نہ صرف دیہی علاقوں میں معیارِ زندگی بہتر ہوگا بلکہ مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔