تاریخ اشاعت: April 22, 2026 - 9:30 AM
Major Reforms Introduced in Punjab Land System, Green Property Certificate Made Mandatory
پنجاب میں زمین و جائیداد کے نظام میں بڑی اصلاحات، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ لازمی قرار
▫️روایتی فرد برائے بیع کا خاتمہ، ملکیت اور قبضے کی بیک وقت تصدیق ممکن
پنجاب حکومت نے زمین اور جائیداد کی خرید و فروخت کے نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے ایک بڑا اصلاحاتی اقدام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب تمام لین دین صرف “گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ” کے ذریعے ممکن ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد جعلی دستاویزات، دوہری ملکیت اور اراضی تنازعات کا خاتمہ کرنا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق روایتی فرد برائے بیع اور دیگر پرانے کاغذی طریقہ کار کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ ملکیت اور قبضے دونوں کی بیک وقت تصدیق فراہم کرے گا، جس سے خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کا اطلاق ابتدائی طور پر بڑے شہروں میں کیا گیا ہے، تاہم اسے مرحلہ وار پنجاب کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ پورے صوبے میں یکساں اور شفاف نظام نافذ کیا جا سکے۔
دوسری جانب اراضی کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن مہم میں بھی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جدید لینڈ مینجمنٹ سسٹم کے تحت زمینوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ زمینوں سے متعلق تنازعات میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے قریبی اراضی ریکارڈ سینٹرز سے رجوع کریں۔ حکام کے مطابق یہ اصلاحات صوبے میں جدید اور محفوظ اراضی نظام کے قیام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہیں، جو مستقبل میں جائیداد کے شعبے میں اعتماد اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔