تاریخ اشاعت: June 25, 2026 - 9:00 PM
Mangla Dam Affectees Case: Lahore High Court Sets Aside Board of Revenue’s 2017 Order
منگلا ڈیم متاثرین کیس: لاہور ہائیکورٹ نے بورڈ آف ریونیو کا 2017 کا حکم کالعدم قرار دیدیا
▫️عدالت کا 4 ماہ میں معاملے پر دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم، حتمی فیصلے تک درخواست گزاروں کو ملکیتی زمین سے بے دخل نہ کرنے کی ہدایت
لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے منگلا ڈیم متاثرین سے متعلق اہم کیس میں بورڈ آف ریونیو کا 2017 کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملے پر چار ماہ کے اندر دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس مزمل اختر شبیر نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ جب تک اس معاملے کا حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا، درخواست گزاروں کو ان کی ملکیتی زمین سے بے دخل نہیں کیا جائے گا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ بورڈ آف ریونیو نے درخواست گزاروں کے مؤقف، 59 افراد کے ملکیتی حقوق کے پہلوؤں پر مناسب غور نہیں کیا۔ عدالت کے مطابق سابقہ عدالتی ہدایات پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث بورڈ آف ریونیو کا چیلنج شدہ حکم برقرار نہیں رہ سکتا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ واپڈا کی جانب سے سرکاری زمین کی خریداری کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت زمین کی مکمل قیمت ادا کر دی گئی تھی۔ بعد ازاں درخواست گزاروں نے ملکیت کے انتقال کے لیے ڈسٹرکٹ کلکٹر وہاڑی سے رجوع کیا، تاہم ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
ریکارڈ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے 1999 میں معاملہ دوبارہ بورڈ آف ریونیو کو بھجوایا تھا تاکہ درخواست گزاروں کے دعوے اور متعلقہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ بورڈ آف ریونیو نے سابقہ ہدایات کی روشنی میں معاملے کا مکمل اور قانونی جائزہ نہیں لیا۔
دوسری جانب مخالف وکلاء کا مؤقف تھا کہ زمین ممنوعہ زون میں واقع ہے، اس لیے درخواست گزار ملکیتی حقوق کے حقدار نہیں ہیں۔ وکلاء نے یہ بھی کہا کہ ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے درخواست گزاروں کو متبادل زمین دینے کی پیشکش کی گئی تھی، مگر درخواست گزاروں نے بلاوجہ یہ پیشکش قبول نہیں کی، اس لیے وہ کسی ریلیف کے مستحق نہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ آف ریونیو کا 2017 کا حکم کالعدم قرار دے دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاملے پر قانون کے مطابق چار ماہ کے اندر دوبارہ فیصلہ کیا جائے۔
عدالت نے واضح کیا کہ دوبارہ فیصلے تک درخواست گزاروں کو ان کی ملکیتی زمین سے بے دخل نہیں کیا جائے گا۔