تاریخ اشاعت: October 1, 2026 - 11:01 AM
Murree Development Plan Accelerated as Water, Roads and Tourism Projects Move Forward
مری ڈویلپمنٹ پلان پر تیزی، واٹر سپلائی، سڑکوں اور سیاحتی منصوبوں کی تکمیل کی ہدایات
▫️ مال روڈ پر ہل ویو پارک، ایمفی تھیٹر اور واک ایبل ایریاز، آر ایم کے روڈ کی تعمیر و توسیع کیلئے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن
مری | نیوز پاکستانپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے مختلف منصوبوں، بالخصوص پانی، سڑکوں، سیاحت، ماحولیات اور شہری سہولیات کی بہتری ...
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے مختلف منصوبوں، بالخصوص پانی، سڑکوں، سیاحت، ماحولیات اور شہری سہولیات کی بہتری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرپرسن سٹیئرنگ کمیٹی برائے مری ڈویلپمنٹ پروگرام مریم اورنگزیب نے اجلاس میں مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر مری میں پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ چار بڑے واٹر سپلائی منصوبوں کی تکمیل سے مری کو یومیہ 7 لاکھ گیلن اضافی پانی دستیاب ہونے لگا ہے۔
ڈونگا گلی واٹر سپلائی منصوبے کی تکمیل کے بعد پانی کی فراہمی 50 ہزار گیلن سے بڑھ کر ساڑھے تین لاکھ گیلن روزانہ ہوگئی ہے، جبکہ دھار جاوا، مسوٹ اور کھنی گٹ میں بھی واٹر سپلائی منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے جہلم سے مری تک بلک واٹر سپلائی میگا پراجیکٹ دسمبر 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت سات پمپنگ سٹیشنز اور 29.6 کلومیٹر طویل پائپ لائن تعمیر کی جائے گی، جبکہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے مری اور کوٹلی ستیاں کی 4.25 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ اس دوران مری کے 96 ہزار گھروں کو باؤزرز اور واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی بھی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں راولپنڈی، مری، کشمیر (آر ایم کے) روڈ کی تعمیر، توسیع اور مرمت کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور کام مکمل کرنے کیلئے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 1996 کے بعد تقریباً 40 سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ آر ایم کے روڈ کی باقاعدہ تعمیر و توسیع اور مرمت کا جامع منصوبہ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کے ساتھ سٹریٹ لائٹس، روڈ فرنیچر، روڈ سائیڈ شولڈرز اور ٹف ٹائل فٹ پاتھ بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
مال روڈ مری کو مزید خوبصورت اور سیاح دوست بنانے کیلئے پہلے ہل ویو پارک کے قیام کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمے کے بعد مال روڈ پر مری کا پہلا ایمفی تھیٹر تعمیر کیا جائے گا جس میں 600 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ ایمفی تھیٹر سے ملحق واک ایبل ایریاز، فیملی پارک، فوڈ اور دیگر اشیاء کے سٹالز اور چھ گیزبو بھی بنائے جائیں گے، جبکہ بچوں کیلئے پلے ایریا بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔
اجلاس کو بانسرا گلی وائلڈ لائف پارک کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا جہاں سیاحوں کیلئے پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا ایلی ویٹڈ برج تعمیر کیا جا رہا ہے۔ برج نیچر ٹریل، جنگل جرنی، اینیمل کنگڈم اور لائن انکلوژر سے گزرے گا جبکہ سیاح ٹائیگر اور لیپرڈ ہاؤس، پائن لاج اور وائلڈ لائف ٹریڈ پارک سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔ پارک میں ایمفی تھیٹر، سووینئر شاپ، فوڈ کورٹ، ایکو لاج اور بائیو ڈائیورسٹی پارک بھی قائم کیے جائیں گے۔
مال روڈ پر دکانوں، ہوٹلوں اور کیفے کیلئے خصوصی قواعد و ضوابط وضع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ مری کی قدیم عمارتوں میں جی پی او اور چرچ کو اصل حالت میں بحال رکھنے، جبکہ جھیکا گلی، جی پی او، گورنمنٹ ہاؤس اور کشمیر پوائنٹ پر بے ہنگم بجلی کی تاریں ہٹا کر انڈر گراؤنڈ وائرنگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ مال روڈ سمیت نمایاں سڑکوں پر دکانوں کے آہنی شٹر کی جگہ روایتی لکڑی کے دروازے متعارف کرانے کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔
اجلاس میں مری میں انتہائی پرانی اور شکستہ حال گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ جھیکا گلی سائیڈ کے تحفظ سے متعلق جاپانی ماہرین ارضیات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق منصوبے کے تحفظ کیلئے 296 پائلز لگائی جائیں گی جبکہ 200 پائلز کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آئیسکو حکام کو سامبلی ہسپتال میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے مخصوص بجلی لائن فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔