تاریخ اشاعت: April 6, 2026 - 9:40 AM
Murree Expressway Upgradation Completed, Aleem Khan Expresses Satisfactionf
مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن مکمل، علیم خان کا اظہار اطمینان
▫️سیاحوں کیلئے نئے ریسٹ ایریاز، صفائی اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کو ترجیح
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاحوں کے لیے سفر کو مزید محفوظ اور آرام دہ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ...
وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیاحوں کے لیے سفر کو مزید محفوظ اور آرام دہ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
مری کے دورے کے دوران وزیر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام کے ہمراہ ایکسپریس وے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے خصوصاً لوئر ٹوپا کے مقام پر ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے این ایچ اے حکام کو لوئر ٹوپا پر جدید طرز کا گول چکر تعمیر کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ ٹریفک مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیر نے کہا کہ اپ گریڈیشن کے بعد ایکسپریس وے پہلے سے زیادہ خوبصورت، محفوظ اور آرام دہ ہو چکی ہے۔
سفری سہولیات میں بہتری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے ایکسپریس وے کے دونوں اطراف مزید ریسٹ ایریاز کی تعمیر کی منظوری بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مری آنے والے سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
نئے تعمیر شدہ ریسٹ ایریاز اور مساجد کے دورے کے دوران انہوں نے صفائی کے اعلیٰ معیار، صاف پانی کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے علیحدہ نماز کی سہولیات کو سراہتے ہوئے اس معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور این ایچ اے کو ہدایت کی کہ آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں جدید ڈیزائن اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کو اپنایا جائے۔
دورے کے دوران شہریوں اور سیاحوں نے مختلف مقامات پر وزیر سے ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں کو سراہا۔ عبدالعلیم خان نے مقامی آبادی کے تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے مثبت اشتراک کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔