تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 2:01 PM
NAB KP Launches Digital System to Track State Land, Flags Major Record Gaps
نیب خیبرپختونخوا کا سرکاری اراضی کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف، ریکارڈ میں بڑی خامیوں کی نشاندہی
▫️اسٹیٹ لینڈ مینجمنٹ سسٹم سرکاری اراضی کا ریکارڈ مرکزی سرچ ایبل ڈیٹا بیس میں یکجا کرے گا، ریکارڈ میں تضادات اور غیر قانونی لین دین کی روک تھام میں مدد ملے گی
پشاور | ری نیوز پاکستانقومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے صوبے میں سرکاری اراضی کے ریکارڈ کو یکجا کرنے اور سرکاری زمین کے انتظام، لیز اور تحفظ سے متعلق اہم خامیوں کو دور کرنے کیلئے اسٹیٹ لینڈ مینجمنٹ سسٹم (SLMS) تیار کر لیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے صوبے میں سرکاری اراضی کے ریکارڈ کو یکجا کرنے اور سرکاری زمین کے انتظام، لیز اور تحفظ سے متعلق اہم خامیوں کو دور کرنے کیلئے اسٹیٹ لینڈ مینجمنٹ سسٹم (SLMS) تیار کر لیا ہے۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت صوبے کی سرکاری اراضی کا ریکارڈ ایک مرکزی اور سرچ ایبل ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا، جس سے سرکاری زمین کے ریکارڈ تک رسائی، نگرانی اور تصدیق کا عمل زیادہ مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ پیش رفت نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے منعقدہ ایک جامع بریفنگ کے دوران سامنے آئی، جس میں اراضی ریونیو سے متعلق امور، ریونیو حکام کی ذمہ داریوں اور خیبرپختونخوا میں سرکاری اراضی کی لیز اور انتظام سے متعلق قانونی و انتظامی فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نیب کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے ورچوئل شرکت کی، جبکہ پراسیکیوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادر شاہ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ اجلاس میں موجود تھے۔ نیب، صوبائی انتظامیہ، مختلف سرکاری محکموں اور ریونیو حکام کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
نیب خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل نوید حیدر زاہد نے بتایا کہ نیب آگاہی، تدارک اور قانون کے نفاذ پر مشتمل تین نکاتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔ ان کے مطابق نیب چیئرمین نے 2025 میں سرکاری اثاثوں پر قبضے، غیر قانونی الاٹمنٹ اور جعلی منتقلی کے معاملات سے نمٹنے کیلئے لینڈ ڈائریکٹوریٹ قائم کیا تھا۔
نیب کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں 2025 کے دوران ملک بھر میں 2.98 ملین ایکڑ سرکاری اراضی، جس کی مالیت 5.976 ٹریلین روپے تھی، واگزار کرائی گئی جبکہ 2026 میں مزید لاکھوں ایکڑ سرکاری اراضی کی بازیابی کا عمل جاری ہے۔
خیبرپختونخوا میں جائزے کے دوران نیب نے ڈپٹی کمشنرز اور مختلف سرکاری محکموں کے پاس موجود سرکاری اراضی کے ریکارڈ میں نمایاں تضادات کی نشاندہی کی۔ نیب کے مطابق ان تضادات کی ایک بڑی وجہ سرکاری اراضی کے جامع ریکارڈ کیلئے مرکزی ڈیٹا بیس کا نہ ہونا ہے۔
نیب نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے اراضی کے استعمال کے حقوق سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے ساتھ ساتھ قید قانونی لیز، رہن اور بورڈ آف ریونیو کی منظوری کے بغیر سرکاری زمین پر قبضے کے معاملات کی بھی نشاندہی کی۔
نئے اسٹیٹ لینڈ مینجمنٹ سسٹم کا مقصد ان خامیوں کو دور کرتے ہوئے صوبے کی تمام سرکاری اراضی کا ریکارڈ ایک ہی سرچ ایبل پلیٹ فارم پر لانا ہے، جس سے متعلقہ حکام کیلئے ریکارڈ تک رسائی اور اس کی تصدیق کا عمل تیز اور مؤثر ہو سکے گا۔
بریفنگ میں صوبے میں اراضی ریونیو سے متعلق قانونی فریم ورک کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب کے مشیر برائے لینڈ میٹرز احمد علی ظفر نے ریونیو افسران کے اختیارات و فرائض، اراضی سے متعلق معاملات میں سول عدالتوں کے دائرہ اختیار اور سرکاری اراضی کے معاملات میں صوبائی و مقامی حکومتوں کے صوابدیدی اختیارات سے متعلق قانونی ابہامات پر روشنی ڈالی۔
نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز امجد مجید اولکھ نے خیبرپختونخوا میں سرکاری اراضی کی لیز سے متعلق بیورو کی مطالعاتی رپورٹ پیش کی، جس میں موجودہ نظام کی خامیوں کی نشاندہی اور سرکاری اراضی کی لیز میں شفافیت، ادارہ جاتی نگرانی اور مؤثر انتظام کیلئے سفارشات پیش کی گئیں۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر شاہ نے سرکاری اراضی کے انتظام میں ریونیو حکام کی ذمہ داریوں سے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے اہم فیصلوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اراضی عوامی امانت ہے اور اسے قانونی و عدالتی تقاضوں کے مطابق محفوظ بنانا ضروری ہے۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا کہ نیب اور صوبائی انتظامیہ کے درمیان مؤثر تعاون سے سرکاری اراضی کی نشاندہی، واگزاری اور تحفظ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس سے سامنے آنے والی سفارشات موجودہ قانونی و انتظامی خامیوں کو دور کرنے کیلئے قانون سازی کی تیاری اور نظرثانی میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
اختتامی کلمات میں چیئرمین نیب نے سرکاری اراضی کی نشاندہی، تحفظ اور واگزاری کیلئے ادارہ جاتی سطح پر مربوط کوششیں تیز کرنے اور عوامی وسائل کے انتظام سے متعلق نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اختیارات کا استعمال قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کیا جائے اور متعلقہ قانونی و آئینی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین نیب نے ورکشاپ میں سامنے آنے والے مسائل کے حل اور سفارشات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کیلئے جامع روڈ میپ اور مؤثر طریقہ کار وضع کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں نیب اور صوبائی انتظامیہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے، سرکاری اراضی کے تحفظ، بہتر طرز حکمرانی اور ریاستی زمین کے مؤثر انتظام کیلئے مربوط اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔