اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
قومی اسمبلی نے متروکہ وقف املاک (انتظام و انصرام) (ترمیمی) بل 2026 منظور کر لیا۔ ترمیم کا مقصد متروکہ وقف املاک کے انتظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، ان پر غیر قانونی قبضے ختم کرانا اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔
ایوان کی جانب سے تحریک کی منظوری کے بعد وزیر مملکت نے ترمیمی بل پیش کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے بل کی شقوں کی یکے بعد دیگرے منظوری لی، جس کے بعد ایوان نے بل منظور کر لیا۔
یہ ترمیم متروکہ وقف املاک کے انتظام و انصرام سے متعلق قانونی ڈھانچے میں تبدیلی کے لیے پیش کی گئی ہے، جس میں املاک کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کو بنیادی مقاصد میں شامل کیا گیا ہے۔