تاریخ اشاعت: September 4, 2026 - 4:01 PM
NDMA Warns of Flood Risk Across Northern Pakistan as Heavy Rains Threaten Homes, Roads and Property
این ڈی ایم اے کی شمالی پاکستان میں سیلاب کے خطرے کی وارننگ، شدید بارشوں سے گھروں، سڑکوں اور املاک کو خطرہ
▫️گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کیلئے 72 گھنٹے کا الرٹ جاری، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب سے آبادیوں اور انفراسٹرکچر کو خطرات لاحق
اسلام آباد | ری نیوز پاکستاننیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے شمالی پاکستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے شمالی پاکستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسمی نظام کے باعث نہ صرف آبادیوں بلکہ رہائشی و کمرشل املاک، سڑکوں، پلوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، بالخصوص نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں جہاں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے تودے گرنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے تازہ الرٹ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور موسمی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔ پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافے کے باعث فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس سے گھروں کو نقصان پہنچنے اور آبادیوں تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، استور، اسکردو اور شگر کو اچانک سیلاب کے ممکنہ خطرے والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔ دریاؤں، ندی نالوں اور موسمی گزرگاہوں کے قریب واقع پہاڑی آبادیوں اور املاک کو شدید بارش کے دوران زیادہ خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی کے علاقے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہیں۔ متعلقہ حکام کو حساس آبادیوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی شدید بارش کے باعث اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے، خصوصاً نشیبی علاقوں اور اہم رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ، کابل، سوات، پنجکوڑہ، کرم، توچی، جہلم، چناب اور راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ بڑے دریاؤں کے ساتھ ساتھ ملحقہ ندی نالوں اور موسمی گزرگاہوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نشیبی رہائشی اور کمرشل علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ حساس علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں اور پراپرٹی مالکان کو محتاط رہنے اور اہم سامان و دستاویزات کو محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ممکنہ سیلاب سے ہاؤسنگ سیکٹر بھی متاثر ہو سکتا ہے، کیونکہ فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ سے رہائشی عمارتوں، چار دیواری، رابطہ سڑکوں اور بجلی و دیگر بنیادی سہولیات کے نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ مقامی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں ضروری وسائل پہلے سے پہنچانے اور محفوظ انخلا کے انتظامات تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو دریاؤں، ندی نالوں، موسمی گزرگاہوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اتھارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ زیر آب سڑکوں، پلوں، نالوں یا تیز بہاؤ والے پانی کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور کرنے کی کوشش نہ کی جائے، کیونکہ نسبتاً کم گہرائی کا تیز بہتا پانی بھی انسانوں اور گاڑیوں کو بہا سکتا ہے۔
مسافروں کو سفر سے قبل تازہ ترین موسمی پیش گوئی اور سڑکوں کی صورتحال جانچنے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ سیلاب کے اثرات کم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور کوآرڈینیشن جاری ہے جبکہ بروقت پیش گوئی، ابتدائی انتباہات اور ضروری معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو سرکاری موسمی اپ ڈیٹس اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر نظر رکھنے کے ساتھ بروقت اطلاعات کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سیلابی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو امداد کیلئے 911 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔