اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک کے ایسے علاقوں میں قومی یا صوبائی گرڈ سے آزاد بجلی کی فراہمی کا متبادل نظام متعارف کرانے کے لیے نئے ضوابط کا مسودہ جاری کردیا ہے، جہاں بجلی کی تقسیم میں مسلسل زیادہ نقصانات، بلوں کی کم وصولی، ناقص خدمات یا روایتی بجلی نیٹ ورک برقرار رکھنے کے بڑھتے ہوئے اخراجات جیسے مسائل درپیش ہیں۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اسٹینڈ الون الیکٹرک پاور سسٹم (پائلٹ پروجیکٹس) ریگولیشنز 2026 کے مسودے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو منتخب علاقوں میں متبادل بجلی نظام قائم کرنے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
نیپرا نے مجوزہ ضوابط عوامی مشاورت کے لیے جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں، صارفین اور دیگر دلچسپی رکھنے والے فریقین سے کہا ہے کہ وہ مسودے کی اشاعت کے 30 روز کے اندر اپنی تجاویز اور اعتراضات نیپرا کے رجسٹرار کو جمع کرائیں۔
مجوزہ ضوابط کے مطابق اسٹینڈ الون بجلی نظام میں بجلی پیدا کرنے کی سہولیات، توانائی ذخیرہ کرنے کے آلات اور متعلقہ برقی بنیادی ڈھانچہ شامل ہوسکتا ہے، تاہم اس نظام کا قومی یا صوبائی بجلی گرڈ سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں ہوگا۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد ایسے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے متبادل انتظامات کا جائزہ لینا ہے جہاں موجودہ تقسیم کار کمپنیوں کو مسلسل مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہے یا روایتی نیٹ ورک برقرار رکھنا معاشی طور پر قابل عمل نہیں رہا۔
مسودے کے تحت وفاقی یا صوبائی حکومت منصوبے کی سرپرست ہوگی اور متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی کی رضامندی سے مخصوص علاقے میں اسکیم کی منظوری کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرسکے گی۔
نوٹیفکیشن کے بعد متعلقہ علاقے کو موجودہ تقسیم کار کمپنی اور آخری چارہ کار بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے لائسنس یافتہ دائرہ کار سے خارج کردیا جائے گا۔
نیپرا نے ابتدائی طور پر ہر تقسیم کار کمپنی کے لیے زیادہ سے زیادہ دو آزمائشی منصوبوں کی تجویز دی ہے، تاہم متعلقہ حکومت کی درخواست پر ریگولیٹری اتھارٹی مزید منصوبوں کی اجازت بھی دے سکے گی۔
ہر منصوبے کے لیے متعلقہ علاقے، استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی، منصوبے کی مدت، عمل درآمد کے انتظامات، ذمہ دار اداروں، اخراجات، حفاظتی اقدامات اور متوقع عوامی فوائد کی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
نئے ضوابط میں صارفین کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا ہے۔ مجوزہ اسکیموں میں بجلی کی دستیاب گنجائش، فراہمی کے اوقات، خرابی دور کرنے، آلات کی تبدیلی اور شکایات کے ازالے کے لیے کم از کم معیار مقرر کرنا ہوگا۔
منصوبوں سے متاثر ہونے والے صارفین کو پیشگی اطلاع دینے اور ان سے مشاورت کرنے کے ساتھ مستقبل میں نئے صارفین کو بجلی کی فراہمی کے انتظامات بھی واضح کرنا ہوں گے۔
مسودے کے مطابق متبادل بجلی نظام کے اخراجات مکمل یا جزوی طور پر وفاقی یا متعلقہ صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ اس مقصد کے لیے سرکاری گرانٹس، سبسڈیز اور دیگر مالی وسائل استعمال کیے جاسکیں گے۔