تاریخ اشاعت: September 12, 2026 - 11:01 AM
New Eligibility Formula Prepared for Over 31,000 Applicants Under Apna Khet, Apna Rozgar Scheme
اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم: 31 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کیلئے اہلیت کا نیا فارمولا تیار
▫️غربت سکور کی عدم دستیابی والے 31,505 بے زمین افراد کا ذاتی معاشی جائزہ لینے کا فیصلہ، فیلڈ سروے میں 23 یا اس سے کم نمبر حاصل کرنے والوں کو بھی سکیم میں شامل کرنے کی تجویز
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب حکومت نے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ سکیم میں مستحق افراد کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے اہلیت کے طریقہ کار میں اہم ترمیم تیار کرلی ہے۔
پنجاب حکومت نے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ سکیم میں مستحق افراد کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے اہلیت کے طریقہ کار میں اہم ترمیم تیار کرلی ہے۔ نئے فارمولے کے تحت ان 31 ہزار 505 درخواست گزاروں کو بھی اہل قرار دینے کا راستہ نکال لیا گیا ہے جن کا غربت سکور پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSER) یا نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری (NSER) میں دستیاب نہیں تھا۔
دستاویزات کے مطابق سکیم کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 71 ہزار 15 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں سے 2 لاکھ 10 ہزار 777 درخواست گزاروں کا ریکارڈ PSER جبکہ 28 ہزار 740 افراد کا ریکارڈ NSER میں موجود پایا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 2 لاکھ 39 ہزار 510 درخواست گزاروں کا غربت سکور دستیاب ہے، جبکہ 31 ہزار 505 افراد ایسے ہیں جن کا سکور کسی بھی رجسٹری میں موجود نہیں۔
غربت سکور نہ ہونے کے باعث مستحق بے زمین افراد کے سکیم سے باہر رہ جانے کے خدشے کے پیش نظر بورڈ آف ریونیو نے ذاتی معاشی جائزے کا نیا فارم تیار کیا ہے۔ مجوزہ فارمولے کے مطابق PSER یا NSER میں 32 یا اس سے کم غربت سکور رکھنے والے درخواست گزار اہل ہوں گے، جبکہ جن افراد کا ریکارڈ کسی رجسٹری میں موجود نہیں، ان کے لیے فیلڈ سروے کے ذریعے معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
مجوزہ طریقہ کار کے تحت فیلڈ سروے میں 23 یا اس سے کم نمبر حاصل کرنے والے درخواست گزاروں کو بھی سکیم کے لیے اہل قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے ذاتی معاشی جائزے کے عمل کی شفافیت، سروے کرنے والی اتھارٹی اور ریکارڈ کی تصدیق کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے تھے۔ محکمہ خزانہ کی ہدایات کے بعد ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں فیلڈ ٹیموں نے درخواست گزاروں کے معاشی حالات کا سروے مکمل کیا اور حاصل ہونے والی معلومات کی ضلعی سطح پر جانچ پڑتال بھی کی گئی۔
بورڈ آف ریونیو کے مطابق ذاتی معاشی جائزے کا فارم پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے طریقہ کار کی وضاحت کے بعد محکمہ خزانہ نے مجوزہ ترمیم کی توثیق بھی کردی ہے۔
حکام کے مطابق نئے طریقہ کار کا بنیادی مقصد ایسے مستحق اور بے زمین افراد کو سکیم کے دائرے میں لانا ہے جو غربت کے سرکاری ڈیٹا میں شامل نہ ہونے کے باعث ابتدائی طور پر اہلیت کے مرحلے میں رکاوٹ کا سامنا کر رہے تھے۔