اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع بٹرسِم ایسٹ ون تلاشاتی کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع کردی ہے۔
کمپنی کے مطابق کنویں سے اس وقت یومیہ 70 لاکھ معیاری مکعب فٹ گیس اور 200 بیرل کنڈینسیٹ حاصل ہو رہا ہے۔ موجودہ پیداوار بیسل سینڈز سے حاصل کی جارہی ہے، جبکہ کنویں کا بہاؤ مستحکم ہونے کے ساتھ پیداوار میں بتدریج اضافے کی توقع ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے اس کنویں میں ہائیڈروکاربن کی دریافت کا اعلان یکم اکتوبر 2025 کو کیا تھا۔ دریافت لوئر گورو فارمیشن کی میسیو اور بیسل سینڈز میں ہوئی تھی۔
کنویں کو پیداواری نظام سے منسلک کرنے کے لیے کمپنی نے اپنے داخلی وسائل استعمال کرتے ہوئے تقریباً 28 کلومیٹر طویل اور آٹھ انچ قطر کی پائپ لائن بچھائی ہے۔ یہ لائن کنویں کو سنجھورو پلانٹ سے ملاتی ہے، جہاں گیس کی پروسیسنگ کے بعد اسے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے نیٹ ورک میں فراہم کیا جاتا ہے۔
نئی پیداوار سے ملک میں گیس کی دستیابی بڑھنے کی توقع ہے۔ یہ پیش رفت درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے اور ملکی توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
او جی ڈی سی ایل بٹرسِم ایکسپلوریشن لائسنس کی آپریٹر ہے اور اس میں 77.5 فیصد شراکت رکھتی ہے، جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کا حصہ 22.5 فیصد ہے۔