تاریخ اشاعت: May 2, 2026 - 9:30 AM
One Constitution Avenue Case: High Level Committee Formed as PM Halts Action Pending Final Decision
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس: اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم، وزیراعظم نے حتمی فیصلے تک کارروائی روک دی
▫️کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، متاثرہ فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کی اجازت
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو اسلام آباد سے متعلق تنازع پر وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے کے حتمی حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے اور اس دوران انتظامی کارروائی روکنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق قائم کردہ کمیٹی کی سربراہی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کریں گے جبکہ طلال چوہدری، سیکریٹری کابینہ اور سیکریٹری کامرس اس کے ارکان میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام فریقین اور متاثرہ افراد کو بلا تفریق سنے اور ایک جامع رپورٹ تیار کرے۔
کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس وقت تک اسلام آباد انتظامیہ کو کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا ہے۔
یہ پیشرفت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں سی ڈی اے کی جانب سے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی لیز منسوخی کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے نجی کمپنی کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
عدالتی فیصلے کے بعد گزشتہ رات سی ڈی اے انتظامیہ پولیس کے ہمراہ عمارت کا قبضہ لینے پہنچی تھی اور اسے خالی کرنے کے لیے ڈیڈلائن بھی دی گئی تھی۔ تاہم حکومتی مداخلت کے بعد کارروائی وقتی طور پر روک دی گئی۔
سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ مقام پر ابتدائی طور پر فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کیا جانا تھا، تاہم منصوبہ تبدیل کر کے وہاں رہائشی فلیٹس اور تجارتی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں، جسے ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے 2016 میں لیز منسوخ کی گئی۔
دوسری جانب منصوبے سے وابستہ کمپنی نے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا، تاہم سپریم کورٹ کے سابق فیصلے اور حالیہ عدالتی کارروائیوں کے بعد معاملہ ایک بار پھر حکومتی اور قانونی سطح پر زیر غور ہے۔