تاریخ اشاعت: September 12, 2026 - 1:01 PM
Pakistan Issues Brownfield Refinery Policy, Paving Way for $5 Billion Upgrades
براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی جاری، 5 ارب ڈالر کے اپ گریڈ منصوبوں کی راہ ہموار
▫️ریفائنریوں کو یکم اکتوبر تک اپ گریڈیشن معاہدے کرنا ہوں گے، نومبر تک معاہدہ نہ ہونے پر ڈیِمڈ ڈیوٹی مکمل ختم کرنے کی شرط
وفاقی حکومت نے 42 صفحات پر مشتمل براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں فروری 2024 اور اگست 2026 میں کی جانے والی ترامیم بھی شامل ہیں۔
پالیسی کے مطابق ریفائنریوں کو یکم اکتوبر تک اپ گریڈیشن معاہدے کرنا ہوں گے۔ مقررہ مدت میں معاہدہ نہ کرنے والی ریفائنریوں کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد ڈیِمڈ ڈیوٹی میں مزید کمی کی جائے گی، جبکہ 15 نومبر تک معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں یہ سہولت مکمل طور پر ختم کردی جائے گی۔
نئی پالیسی کے تحت ریفائنریوں کو درآمدی خام تیل کا کم از کم 20 دن اور مقامی خام تیل کا 15 دن کا ذخیرہ برقرار رکھنا ہوگا۔ اپ گریڈیشن منصوبوں کی تکمیل کے بعد ریفائنریوں میں یورو فائیو معیار کا پٹرول اور ڈیزل تیار کیا جاسکے گا۔
حکومت کے مطابق مجوزہ منصوبوں کے نتیجے میں ملک کی خام تیل صاف کرنے کی مجموعی صلاحیت بڑھ کر تقریباً ساڑھے 5 لاکھ بیرل یومیہ ہوجائے گی، جس سے ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
پالیسی کے تحت ہر ریفائنری کو اپنے اپ گریڈیشن معاہدے کے لیے ایک ارب ڈالر کی ناقابلِ تنسیخ بینک ضمانت بھی فراہم کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ پالیسی کے تحت ہونے والے معاہدے کا مسودہ منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔
حکومت کا یہ اقدام ملک کے موجودہ ریفائننگ شعبے کو جدید بنانے، اعلیٰ معیار کی پٹرولیم مصنوعات کی مقامی پیداوار بڑھانے اور آئندہ برسوں میں ریفائنریوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔