تاریخ اشاعت: June 6, 2026 - 5:30 PM
Pakistan, Kuwait sign second loan agreement for Mohmand Dam Hydropower Project
پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کیلئے دوسرے قرض پروگرام پر دستخط
▫️کویت فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ کے تحت پاکستان کو 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے
پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے دوسرے قرض پروگرام پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت پاکستان کو کویت فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ سے 7.5 ملین کویتی دینار (تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر) فراہم کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق قرض پروگرام پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے معاہدے پر سیکریٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے دستخط کیے، جبکہ تقریب میں کویتی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فہد حشام، وزارت اقتصادی امور اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق یہ مالی معاونت مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کی تکمیل میں مدد دے گی۔ منصوبے کو ملک میں آبی ذخائر کے فروغ، بجلی کی پیداوار میں اضافے اور پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں مسلسل تعاون پر کویتی حکومت اور کویت فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کویت کی جانب سے پاکستان کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں تعاون دونوں برادر ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق کویت فنڈ کا تعاون پاکستان میں توانائی، آبی وسائل اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ مہمند ڈیم منصوبہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے، سیلابی پانی کے بہتر استعمال اور زرعی شعبے کے لیے پانی کی دستیابی میں بہتری کے حوالے سے اہم منصوبوں میں شامل ہے۔