تاریخ اشاعت: September 21, 2026 - 3:01 PM
Pakistan Launches First 400 MW Electricity Wheeling Auction
پاکستان میں مسابقتی بجلی کی پہلی 400 میگاواٹ وہیلنگ نیلامی کا آغاز
▫️حکومت کا بجلی کی خریداری کے یک خریدار نظام سے مسابقتی تھوک بجلی مارکیٹ کی جانب عملی پیش رفت کا اعلان
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانپاکستان نے بجلی کے شعبے میں پہلی وہیلنگ نیلامی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی مسابقتی بنیادوں پر پیش کی جائے گی۔
پاکستان نے بجلی کے شعبے میں پہلی وہیلنگ نیلامی کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی مسابقتی بنیادوں پر پیش کی جائے گی۔ وزارت توانائی کے مطابق درخواست برائے تجاویز جاری کیے جانے کے بعد نیلامی کا عمل مسابقتی دوطرفہ بجلی معاہدہ مارکیٹ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔
وھیلنگ نیلامی کے تحت اہل بجلی پیدا کرنے والوں اور بڑے صارفین کو قومی ترسیلی اور تقسیم کے نظام تک رسائی حاصل ہوگی، جس کے ذریعے وہ مسابقتی مارکیٹ میں دوطرفہ بنیادوں پر بجلی کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔ وہیلنگ نیلامی کی گائیڈ لائنز کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی طور پر 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کا منصوبہ ہے، جبکہ پہلی نیلامی میں 400 میگاواٹ بجلی رکھی گئی ہے۔
نیلامی کا عمل پانچ مراحل پر مشتمل ہوگا، جن میں نیلامی دستاویزات کا اجرا، شرکاء کی اہلیت کا جائزہ، بولیوں کی جانچ، نتائج کی منظوری اور بجلی کے مقررہ حجم کی منظوری شامل ہے۔ یہ عمل مخصوص نیلامی پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے مطابق بجلی کی خریداری کے نظام کو مسابقتی مارکیٹ میں تبدیل کرنے کا مقصد گزشتہ تین دہائیوں سے زیر غور تھا، تاہم اب اس کے عملی نفاذ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس نظام سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزارت توانائی کے مطابق مسابقتی بنیادوں پر بجلی کی خریداری سے صنعتی صارفین کو نسبتاً کم قیمت بجلی حاصل کرنے اور پیداواری لاگت کم کرنے کے مواقع مل سکتے ہیں، جس سے برآمدی مسابقت پر بھی اثر پڑنے کی توقع ہے۔ وزارت کے مطابق مسابقتی مارکیٹ کے فوائد بتدریج دیگر صارفین تک بھی پہنچنے کا امکان ہے۔
انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر نے اہل شرکاء کو نیلامی میں حصہ لینے کی دعوت دی ہے۔ نیلامی سے متعلق اہلیت کے معیار، تجاویز جمع کرانے کی شرائط، مقررہ فارمیٹس، طریقہ کار اور مکمل نظام الاوقات درخواست برائے تجاویز میں شامل کیے گئے ہیں۔
وہیلنگ نیلامی بجلی کی مارکیٹ کا ایک جدید اور مسابقتی نظام ہے جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے نجی ادارے (آئی پی پیز یا انرجی ڈویلپرز) سرکاری گرڈ اور ٹرانسمیشن لائنوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی بجلی براہِ راست بڑے خریداروں (جیسے صنعتی اداروں یا کارپوریٹوں) کو بیچ سکتے ہیں۔
اس نیلامی کا بنیادی مقصد ملک میں بجلی کی مارکیٹ کو "سنگل بائر ماڈل" (جہاں صرف حکومت ہی بجلی خریدتی اور بیچتی تھی) سے نکال کر ایک آزاد اور مسابقتی ہول سیل مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم - CTBCM) میں تبدیل کرنا ہے۔