تاریخ اشاعت: July 31, 2026 - 11:09 AM
PM Orders Nationwide Technical Audit of Power Distribution Companies’ Billing Systems
وزیراعظم کا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ نظام کے ملک گیر تکنیکی آڈٹ کا حکم
▫️بجلی کے شعبے میں شفافیت، نقصانات میں کمی اور تقسیم کار کمپنیوں کی جواب دہی بہتر بنانے کیلئے اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے پاور ڈویژن کو ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ نظام کا جامع تکنیکی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آڈٹ کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے اور تمام تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک شفاف نظام وضع کیا جائے۔ اس نظام میں قابل پیمائش کارکردگی اشاریے، واضح اہداف اور ان پر عمل درآمد کی مقررہ مدت شامل ہوگی تاکہ بجلی کی تقسیم کے شعبے میں جواب دہی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی درستگی، شفافیت اور قابل اعتماد نظام عوام کا اعتماد بحال کرنے اور پاور سیکٹر کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے پاور ڈویژن کو اصلاحات پر عمل درآمد کی مسلسل نگرانی اور کارکردگی کے اہداف کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے پر زور دیتے ہوئے اسے توانائی کے شعبے کو درپیش اہم مسائل میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نقصانات کم کرنے اور وصولیاں بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مؤثر اور سخت قانونی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ملک بھر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کو بھی ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید میٹرنگ نظام سے بلنگ کی درستگی بہتر ہوگی، شفافیت بڑھے گی، بجلی چوری میں کمی آئے گی اور بجلی کے استعمال و تقسیم کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان مثبت مقابلے کی فضا پیدا کرنے کے لیے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنی کو اس کی انتظامی کارکردگی، صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات اور دیگر طے شدہ اہداف کی بنیاد پر باقاعدہ اعزاز اور انعام دیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ مالی سال 26-2025 کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے تکنیکی اور تجارتی نقصانات میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو اور میپکو نے گزشتہ مالی سال کے دوران بجلی کے بلوں کی 100 فیصد وصولی کا ہدف حاصل کیا، جسے مالی نظم و ضبط اور انتظامی کارکردگی میں بہتری کا اہم اشارہ قرار دیا گیا۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام، وصولیوں میں بہتری، تکنیکی مسائل کے حل اور تقسیم کار کمپنیوں کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان اور ہزارہ میں خصوصی ڈسکو سپورٹ یونٹس قائم کر دیے گئے ہیں۔
حکومت بجلی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لیے اثاثہ جاتی کارکردگی کے انتظامی نظام، یعنی ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم، پر بھی کام کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق ٹرانسفارمر کی سطح پر اس نظام کا پہلا مرحلہ 30 ستمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے بجلی کی تقسیم کے اثاثوں کی بہتر نگرانی، دیکھ بھال اور خرابیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو گی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ میپکو، لیسکو، پیسکو، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاقوں میں تقریباً ایک کروڑ 62 لاکھ ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر سمارٹ میٹرز نصب کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بلنگ کی درستگی میں نمایاں بہتری آئے گی، بجلی چوری اور لائن لاسز میں کمی ہوگی، گرڈ مینجمنٹ مضبوط بنے گی اور پاکستان کے وسیع تر پاور سیکٹر اصلاحاتی پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔