تاریخ اشاعت: October 29, 2026 - 4:01 PM
PM Shehbaz Calls High-Level Meeting Over Rs 500 Billion Outstanding Dues to CPEC Power Projects
سی پیک بجلی منصوبوں کے 500 ارب روپے کے واجبات، وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا
▫️ چینی پاور کمپنیوں کی بار بار ادائیگیوں کی درخواستیں، مالی مشکلات کے باعث سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی واجبات ادا نہ کرسکی
اسلام آباد | ری نیوز نیشنل ڈیسک وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قائم بجلی منصوبوں کے تقریباً 500 ارب روپے کے واجبات اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مالی مسائل کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجل...
اسلام آباد | ری نیوز نیشنل ڈیسک
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قائم بجلی منصوبوں کے تقریباً 500 ارب روپے کے واجبات اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مالی مسائل کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اجلاس میں بجلی کے شعبے کے مجموعی واجبات، سی پیک کے تحت قائم پاور پلانٹس کی مالی صورتحال اور چینی کمپنیوں کو واجب الادا رقوم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق سی پیک کے تحت کام کرنے والی چینی بجلی کمپنیوں کے تقریباً 500 ارب روپے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹیڈ (سی پی پی اے جی) کے ذمے واجب الادا ہیں، تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث ان رقوم کی ادائیگی نہیں ہوسکی چینی پاور کمپنیوں کی جانب سے واجبات کی وصولی کے لیے متعلقہ حکام کو متعدد بار خطوط اور یاددہانیاں بھجوائی جاچکی ہیں۔ بعض کمپنیوں نے ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر کے باعث اپنے مالی معاملات اور قرضوں کی بروقت واپسی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اس سے قبل 19 اکتوبر کو سامنے آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سی پیک بجلی منصوبوں کے مجموعی واجبات تقریباً 498 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔
ان رپورٹس کے مطابق پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی، جو سی پیک کے تحت ایک ہزار 320 میگاواٹ کا کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا منصوبہ چلا رہی ہے، کے تقریباً 79 ارب روپے واجب الادا تھے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وانگ ڈونگ فینگ نے 29 ستمبر کو وفاقی وزرائے خزانہ، منصوبہ بندی اور توانائی کو لکھے گئے خط میں واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری حکومتی مداخلت کی درخواست کی تھی۔
کمپنی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ادائیگیوں میں چھ ماہ سے زائد تاخیر کے باعث منصوبے کی مالی پائیداری متاثر ہوسکتی ہے اور قرضوں کی واپسی میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح ساہیوال کے ایک ہزار 320 میگاواٹ کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے کے تقریباً 80 ارب روپے کے واجبات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ منصوبے سے منسلک چینی کمپنی نے بھی بقایاجات کی ادائیگی اور دیگر مالی تنازعات کے حل کے لیے حکومتی مداخلت طلب کی تھی۔
دوسری جانب سی پیک کے تحت قائم 99 میگاواٹ کے یو ای پی ونڈ پاور منصوبے نے بھی مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے تقریباً 5 ارب 82 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ بروقت ادائیگیاں نہ ہونے کی صورت میں قرضوں، آپریشنل اخراجات اور دیگر واجبات کی ادائیگی متاثر ہوسکتی ہے۔
توانائی کے شعبے میں واجبات کا یہ مسئلہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ناکافی وصولیوں اور مالی وسائل کی محدود دستیابی سے بھی منسلک ہے، جس کے باعث بجلی خریدنے والے ادارے کو پیداواری کمپنیوں کی ادائیگیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران سی پیک بجلی منصوبوں کے واجبات کی ادائیگی اور توانائی کے شعبے میں مالی دباؤ کم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔