تاریخ اشاعت: June 3, 2026 - 10:45 AM
Power Division Seeks NEPRA Approval for Uniform Grid Charges on Wheeling Consumers Nationwide
وفاقی حکومت کا وہیلنگ صارفین پر ملک گیر یکساں گرڈ چارجز عائد کرنے کیلئے نیپرا سے رجوع
▫️نیپرا نے 11 جون کو عوامی سماعت مقرر کر دی، حکومت کا اضافی چارجز کے ذریعے گرڈ اور سپلائی لاگت وصول کرنے کا فیصلہ
پاور ڈویژن نے وہیلنگ صارفین پر یکساں گرڈ چارجز کے نفاذ کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے باضابطہ رجوع کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں یوز آف سسٹم چارجز کا یکساں نظام نافذ کرنا چاہتی ہے، جس کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی کیا جائے گا۔
نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست اور مجوزہ پالیسی گائیڈ لائنز پر غور کے لیے 11 جون 2026 کو عوامی سماعت مقرر کر دی ہے۔ اس اقدام کا تعلق پاور مارکیٹ اصلاحات اور کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ کے نفاذ سے ہے۔
نیپرا کے مطابق وفاقی حکومت کی حالیہ درخواست اتھارٹی کی جانب سے 18 دسمبر 2025 کو سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے یوز آف سسٹم چارجز سے متعلق جاری کردہ تعینات کے تناظر میں دی گئی ہے۔ حکومت اب تمام بلک پاور صارفین اور اوپن ایکسیس صارفین کے لیے گرڈ چارجز کا یکساں فریم ورک نافذ کرنا چاہتی ہے، جس میں کے الیکٹرک کے دائرہ کار میں آنے والے صارفین بھی شامل ہوں گے۔
مجوزہ فریم ورک نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی، نیشنل الیکٹرسٹی پلان اور الیکٹرک پاور سپلائر لائسنسز رولز 2023 سے ہم آہنگ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ایسے صارفین کے لیے چارجز کا یکساں نظام وضع کرنا ہے جو اوپن ایکسیس کے تحت بجلی خریدنے کے لیے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک استعمال کرتے ہیں۔
تجویز کے تحت ڈسکوز اور بجلی سپلائرز کے اخراجات کی وصولی کے لیے اضافی چارجز متعارف کرائے جائیں گے۔ یہ اخراجات مستقبل کے ٹیرف تعینات میں پریئر ایئر ایڈجسٹمنٹس کے طور پر بھی شامل کیے جا سکتے ہیں تاکہ وہیلنگ چارجز کے یکساں اطلاق سے پیدا ہونے والے مالی فرق کو پورا کیا جا سکے۔ پاور ڈویژن کا مؤقف ہے کہ ایسے اخراجات سبسڈی کے بجائے ریگولیٹر سے منظور شدہ چارجز کے ذریعے وصول کیے جانے چاہئیں۔
مجوزہ یوز آف سسٹم چارجز کے تحت بی 4 صارفین کے لیے شرح 6 روپے 69 پیسے فی یونٹ، سی 3 کے لیے 18 روپے 29 پیسے فی یونٹ، بی 3 کے لیے 8 روپے 51 پیسے فی یونٹ، سی 2 اے کے لیے 12 روپے 63 پیسے فی یونٹ، سی 2 بی کے لیے 18 روپے 20 پیسے فی یونٹ، اے 2 سی کے لیے 25 روپے 01 پیسہ فی یونٹ، اے 3 کے لیے 15 روپے 22 پیسے فی یونٹ اور ڈی 1 بی کے لیے 5 روپے 30 پیسے فی یونٹ تجویز کی گئی ہے۔
پاور ڈویژن نے سیکشن 88 میں ترامیم کی بھی تجویز دی ہے تاکہ یکساں اوپن ایکسیس چارجز کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انٹر ڈسکو فرق کو دور کرنے کے لیے جامع طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔ یہ ترمیم اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیجی گئی سمری میں شامل تھی، تاہم 5 مئی 2026 کے حتمی فیصلے میں اسے شامل نہیں کیا گیا۔ اس بنا پر پاور ڈویژن نے ای سی سی کے فیصلے میں درستگی کی درخواست کی ہے۔
حکام کے مطابق مجوزہ ترمیم تمام ڈسٹری بیوشن علاقوں میں یکساں یوز آف سسٹم چارجز کے نفاذ کے لیے ضروری پالیسی بنیاد فراہم کرے گی۔ توقع ہے کہ پاور ڈویژن نیپرا کے حتمی فیصلے سے قبل منظور شدہ ترمیم اتھارٹی کو پیش کرے گا۔
پاور ڈویژن نے معاملے کی فوری نوعیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔ ڈویژن کے مطابق کمرشل مارکیٹ آپریشنز ڈیٹ 22 جنوری 2026 کو قرار دی جا چکی ہے، جبکہ پہلی مارکیٹ آکشن جون 2026 میں شیڈول ہے۔ ڈویژن کا کہنا ہے کہ سی ٹی بی سی ایم کے تحت پاور مارکیٹ لبرلائزیشن کے نفاذ میں تاخیر نہیں کی جا سکتی، اس لیے منظور شدہ مارکیٹ کمرشل کوڈ کے مطابق یکساں یوز آف سسٹم چارجز اور سسٹم لاسز کا بروقت تعین ضروری ہے۔
وفاقی حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ گیارہ ڈسکوز کے لیے تعین کردہ یوز آف سسٹم چارجز کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی کیا جائے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ بجلی کی اوپن ایکسیس مارکیٹ میں شفاف اور مساوی مسابقتی ماحول یقینی بنانے کے لیے یکساں گرڈ چارجز ناگزیر ہیں۔
پاور ڈویژن نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ مجوزہ اضافی چارجز کو ڈسکوز اور بجلی سپلائرز کی جائز لاگت کے طور پر منظور کیا جائے۔ منظوری کے بعد یہ چارجز وقفے وقفے سے ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کے ذریعے وصول کیے جا سکیں گے اور ملک بھر کے تمام متعلقہ وہیلنگ صارفین پر یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔