تاریخ اشاعت: June 12, 2026 - 2:00 PM
Prime Minister Directs Further Facilitation for Citizens Under Apna Ghar Scheme
وزیراعظم کی اپنا گھر سکیم میں شہریوں کو مزید سہولتیں دینے کی ہدایت
▫️سکیم کے تحت اب تک 11 ارب روپے کے قرضے جاری، 16 ہزار سے زائد درخواستیں منظور، بینکوں کو درست درخواستوں پر کارروائی تیز کرنے کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم میں شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے اور بینکوں کو درست درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے سکیم کی اب تک کی پیش رفت، قرضوں کی فراہمی، درخواستوں کی منظوری اور بینکنگ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ "اپنا گھر سکیم " کے تحت اب تک مجموعی طور پر 11 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق ملک بھر سے شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، جن میں سے ہزاروں درخواستیں منظور ہو چکی ہیں جبکہ کئی درخواست گزاروں کو قرضوں کی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا اس پروگرام میں بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ "اپنا گھر سکیم" شہریوں کی حقیقی ضرورت سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی رفتار سے کام آگے بڑھتا رہا تو اپنے گھر کے خواہشمند زیادہ سے زیادہ افراد کا خواب حقیقت میں بدل سکے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے اسکیم میں شمولیت کا طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے تاکہ کم آمدن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے وزارت ہاؤسنگ کو اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر درخواست فارم کو مزید آسان، واضح اور عام فہم بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو "اپنا گھر سکیم " کی درخواستیں مقررہ مدت میں پراسیس کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، تاہم وزیراعظم نے ہدایت کی کہ درست اور مکمل درخواستوں کی منظوری میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے صوبوں کو بھی ہدایت کی کہ زمینوں کے کاغذات، ملکیتی دستاویزات اور متعلقہ ریکارڈ کے حصول میں شہریوں کی سہولت کے لیے ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ درخواست گزاروں کو ایک ہی جگہ سے رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا گھر سکیم صرف رہائشی سہولت کا منصوبہ نہیں بلکہ تعمیراتی شعبے، اس سے منسلک صنعتوں، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ وزیراعظم کے مطابق گھروں کی تعمیر سے سیمنٹ، سریا، اینٹ، ٹائلز، لکڑی، بجلی کے سامان اور دیگر متعلقہ شعبوں میں سرگرمی بڑھے گی، جس کے مثبت اثرات معیشت پر مرتب ہوں گے۔
وزیراعظم نے اپنا گھر اسکیم سے متعلق ملک بھر میں آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو اہلیت، درخواست کے طریقہ کار، قرض کی شرائط اور بینکوں کے کردار کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے لیے سٹریٹیجک روڈ میپ کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریلویز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فروغ دیا جائے تاکہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور مسافروں و مال برداری کی سہولتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اپنا گھر سکیم میں سہولتوں کی فراہمی، بینکنگ عمل میں تیزی اور ضلعی سطح پر معاونت کے اقدامات سے شہریوں کے لیے گھر حاصل کرنے کا عمل نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔ تاہم اس پروگرام کی کامیابی کا انحصار بینکوں کی بروقت کارروائی، صوبائی اداروں کے تعاون اور درخواست گزاروں کو عملی سطح پر فراہم کی جانے والی سہولتوں پر ہوگا۔