تاریخ اشاعت: June 4, 2026 - 12:00 PM
Proposal to Allocate Rs 1 Billion for SIFC Development Projects in Federal Budget
ایس آئی ایف سی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی بجٹ میں ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز
▫️آئندہ مالی سال کے دوران منصوبے پر مزید پیش رفت کیلئے اضافی فنڈز مختص کیے جانے کی بھی تجویز
آئندہ مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت نے ایس آئی ایف سی ڈویژن کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور وفاقی سطح پر سرمایہ کاری سے متعلق نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں “انویسٹ پاکستان” منصوبے کے لیے 53 کروڑ 90 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر انداز میں اجاگر کرنا، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا اور پاکستان کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے زیادہ پرکشش مقام کے طور پر پیش کرنا ہے۔
بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے پر 30 جون 2026 تک 26 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران منصوبے پر مزید پیش رفت کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔
اسی طرح وفاقی حکومت کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے منصوبے کے لیے 46 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد وفاقی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، انتظامی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں اور فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اس منصوبے پر 30 جون 2026 تک ایک ارب 89 کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے، جبکہ منصوبے کی مجموعی لاگت 5 ارب 43 کروڑ روپے بنتی ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق ایس آئی ایف سی کو سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی سرگرمیوں میں تیزی اور مختلف شعبوں میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم سمجھا جا رہا ہے۔ بجٹ میں مجوزہ فنڈز اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کے تحت سرمایہ کاری سے متعلق ادارہ جاتی نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔