تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 3:41 PM
Proposal to Make SECP Registration Mandatory for Real Estate Developers
ریئل اسٹیٹ ڈویلپرز کیلئے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن لازمی بنانے کی تجویز
▫️وزیراعظم شہباز شریف کا شہری منصوبہ بندی بہتر بنانے، سستے گھروں کے فروغ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو منظم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی پر زور
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ حکومت تمام رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ترقیاتی اداروں کے لیے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن لازمی بنانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
یہ تجویز وزیراعظم کی زیر صدارت ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات، ریگولیٹری مسائل کے حل اور شفافیت، منصوبہ بندی و سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں زیر غور آئی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے شہری منصوبہ بندی کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سستے گھروں کے فروغ اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں گورننس بہتر بنانے کے لیے طویل المدتی اور جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کا فروغ، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور شہری سہولیات میں بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
اجلاس میں حکام نے ہاؤسنگ سیکٹر کو زیادہ شفاف، منظم اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار بنانے سے متعلق مختلف اصلاحاتی تجاویز پر بریفنگ دی۔ ان تجاویز میں تمام ہاؤسنگ اور ڈویلپمنٹ اداروں کے لیے ایس ای سی پی رجسٹریشن لازمی بنانا، ہاؤسنگ سے متعلقہ امور کی ڈیجیٹائزیشن اور آٹومیشن، جبکہ منظوریوں اور دیگر مراحل کے لیے ون ونڈو سسٹم کا قیام شامل ہے۔
مجوزہ ون ونڈو سسٹم کا مقصد منظوری کے عمل کو آسان بنانا، مختلف محکموں کے درمیان رابطہ بہتر کرنا اور تاخیر میں کمی لا کر ڈویلپرز، خریداروں اور دیگر فریقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اصلاحات کا ایک اہم مقصد بے ہنگم شہری پھیلاؤ کو روکنا بھی ہے، جس کے باعث بڑے شہروں میں زرعی زمین، شہری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
حکام نے بڑے شہری مراکز میں دستیاب زمین کے بہتر استعمال اور غیر منظم ہاؤسنگ منصوبوں کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے عمودی ترقی اور بلند عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کی تجویز بھی پیش کی۔
اجلاس میں بڑے شہروں کے لیے ماسٹر ٹاؤن پلاننگ سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ پائیدار شہری ترقی، بہتر عوامی خدمات اور ہاؤسنگ و رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے زیادہ قابل اعتماد ماحول پیدا کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کو صوبوں اور تمام فریقین کی مشاورت سے عملی شکل دی جائے۔