لاہور | ری نیوز پاکستان
پنجاب حکومت نے صوبے کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 120 دیہات کو ماڈل ویلجز میں تبدیل کرنے کے پائلٹ منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کے تحت منتخب دیہات میں سیوریج سسٹم، نکاسی آب اور پختہ گلیوں سمیت بنیادی شہری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی کیلئے مقامی سطح پر خصوصی ویلج کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 20 اکتوبر 2026 کو لاہور میں منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ماڈل ویلجز منصوبے کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب کے دیہات کو جدید اور بہتر سہولتوں سے آراستہ کرنے کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب خوشحال دیہات ایکٹ 2026 متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ دیہی ترقی کے منصوبوں کیلئے انتظامی اور قانونی طریقہ کار مرتب کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے پہلے مرحلے میں 120 دیہات پر مشتمل پائلٹ منصوبے کیلئے فوری انتظامی اقدامات کرنے اور ہر منتخب گاؤں میں ویلج کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
حکومتی فیصلے کے مطابق ہر ویلج کمیٹی آٹھ ارکان پر مشتمل ہوگی، جن میں چار عوامی نمائندے اور چار سرکاری نمائندے شامل ہوں گے۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کمیٹی کی سربراہی کرے گا، جبکہ ڈپٹی کمشنر ضلع بھر کی ویلج کمیٹیوں اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرے گا۔
ویلج کمیٹی میں مقامی سکول کے ہیڈ ٹیچر، یونین کونسل کے سیکرٹری، بنیادی مرکز صحت یا مریم نواز ہیلتھ کلینک کے ڈاکٹر سمیت متعلقہ نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔