لاہور | ری نیوز پاکستان
پشاور کے ایک نجی سکول میں حادثے کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری، نجی اور آؤٹ سورس سکولوں کی خطرناک، خستہ حال اور ساختی طور پر غیر محفوظ عمارتوں یا کلاس رومز میں بچوں کو بٹھانے اور تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (سیکنڈری ایجوکیشن) پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں متعلقہ تعلیمی افسران اور سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر محفوظ عمارتیں فوری طور پر خالی کرا کے ان کا استعمال روک دیا جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق سکول کی پوری عمارت کے ساتھ کسی بھی خطرناک کلاس روم یا غیر محفوظ حصے پر بھی ہوگا۔ سکول سربراہان ایسی جگہیں خالی کرانے کے بعد ان کے گرد حفاظتی حصار قائم کرنے اور طلبہ کو محفوظ کلاس رومز میں منتقل کرنے کے پابند ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر بچوں کی تعلیم کا انتظام قریبی سکولوں میں کیا جائے گا۔
ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی خطرناک عمارت یا کلاس روم کو متعلقہ مجاز تکنیکی ادارے کی کلیئرنس کے بغیر دوبارہ استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں احکامات پر عمل نہ کرنے اور غفلت ثابت ہونے پر متعلقہ سکول سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ نجی سکول کی صورت میں مالک یا انتظامیہ، جبکہ آؤٹ سورس سکول کی صورت میں متعلقہ آپریٹر یا انتظامیہ کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
ڈائریکٹوریٹ نے تمام چیف ایگزیکٹو افسران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو اپنے متعلقہ اضلاع میں فوری عمل درآمد اور سخت نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔