تاریخ اشاعت: July 9, 2026 - 12:10 PM
Punjab Enacts Special Law for Automatic Transfer of Aga Khan Properties, Succession Cannot Be Challenged in Court
پنجاب میں آغا خان جائیدادوں کی خودکار منتقلی کا خصوصی قانون نافذ، منتقلی کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا
▫️جانشین امام کو وراثتی، عدالتی یا انتظامی کارروائی کے بغیر منقولہ و غیرمنقولہ اثاثوں کی منتقلی کو قانونی تحفظ فراہم، سرکاری ادارے ریکارڈ فوری اپ ڈیٹ کرنے کے پابند
حکومت پنجاب نے آغا خان پراپرٹیز (جانشینی و منتقلی) ایکٹ 2026 نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے میں واقع آغا خان کی ملکیتی منقولہ و غیرمنقولہ جائیدادوں کی جانشینی اور منتقلی کے لیے ایک خصوصی قانونی فریم ورک متعارف کرا دیا گیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق موجودہ امام کے انتقال کے بعد تمام متعلقہ جائیدادیں کسی بھی عدالتی، وراثتی یا انتظامی کارروائی کے بغیر خودکار طور پر جانشین امام کے نام منتقل تصور ہوں گی۔
قانون کا اطلاق پورے پنجاب میں ہوگا اور اسے ماضی سے مؤثر قرار دیتے ہوئے 4 فروری 2025 سے نافذ العمل تصور کیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت جانشین امام کو جائیدادوں کی منتقلی کے لیے پروبیٹ، جانشینی سرٹیفکیٹ، لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن، رجسٹریشن، انتقال، میوٹیشن یا کسی بھی دیگر قانونی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ایکٹ کے مطابق پنجاب میں موجود وہ تمام منقولہ و غیرمنقولہ اثاثے، جائیدادیں، حقوق، مفادات، حصص، سکیورٹیز، سرمایہ کاری، ٹرسٹس اور دیگر املاک، جو آغا خان کی ذاتی، سرکاری یا ادارہ جاتی حیثیت میں ان کی ملکیت، قبضے یا کنٹرول میں ہوں، موجودہ امام کے انتقال کے فوراً بعد جانشین امام کی ملکیت تصور کیے جائیں گے۔
قانون میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسی منتقلی کو کسی بھی عدالت، ٹریبونل یا دیگر فورم پر چیلنج نہیں کیا جا سکے گا، نہ ہی اسے کسی اضافی منظوری، تحقیقات یا دیگر قانونی تقاضوں سے مشروط کیا جائے گا۔
البتہ وہ جائیدادیں اس قانون کے دائرہ کار سے مستثنیٰ ہوں گی جنہیں آغا خان اپنی زندگی میں وصیت، ٹرسٹ ڈیڈ، ہبہ یا کسی دوسری قانونی دستاویز کے ذریعے منتقل کر چکے ہوں، یا جنہیں وہ تحریری طور پر پنجاب بورڈ آف ریونیو کو اس قانون سے خارج قرار دے دیں۔
ایکٹ کے تحت تمام متعلقہ سرکاری ادارے، جن میں ریونیو محکمے، لینڈ رجسٹریز، بلدیاتی ادارے، ترقیاتی اتھارٹیز، مالیاتی ادارے اور کارپوریٹ رجسٹریز شامل ہیں، جانشین امام کے نام سرکاری ریکارڈ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے اور جائیدادوں کا انتقال درج کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے کسی اضافی دستاویز یا مزید تحقیقات کی ضرورت نہیں ہوگی۔
قانون کے مطابق پنجاب بورڈ آف ریونیو اس وقت متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کی ہدایات جاری کرے گا جب وہ اس امر سے مطمئن ہو جائے کہ جانشین آغا خان کو شیعہ امامی اسماعیلی مسلم برادری کی مذہبی اور تاریخی روایات کے مطابق امام تسلیم کر لیا گیا ہے۔