تاریخ اشاعت: August 10, 2026 - 10:05 AM
Punjab Expands Suthra Punjab Programme to Cooperative and Private Housing Societies
ستھرا پنجاب کا دائرہ کار کوآپریٹو اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں تک بڑھانے کا فیصلہ
▫️وزیراعلیٰ مریم نواز کی ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن پر عملدرآمد کی ہدایت، خالی پلاٹس سے کچرا ہٹانے اور مقامی ضرورت کے مطابق ورکرز و مشینری فراہم کرنے کا حکم
پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کا دائرہ کار کوآپریٹو اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صوبے کی نجی اور کوآپریٹو رہائشی سکیموں میں بھی صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کے خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کوآپریٹو اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی صفائی کے نظام میں شامل کیا جائے اور ان علاقوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے رہائشی علاقوں میں گھر گھر سے کوڑا جمع کرنے کا نظام یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سڑکوں کے ساتھ گلی محلوں کی صفائی بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں خالی پڑے پلاٹس کی صفائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال کی نگرانی کیلئے اے ڈی سی سوشل سروسز کو ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کی ہے۔ مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی کیلئے درکار ورکرز اور مشینی آلات کی ضروریات پوری کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے تحت ورکرز سے افسران تک ہر سطح پر کارکردگی جانچنے کیلئے واضح ضابطہ کار مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ صفائی کے معیار اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جاسکے۔
اس فیصلے کے بعد ستھرا پنجاب پروگرام کی صفائی سرگرمیاں صرف عمومی شہری علاقوں تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ نجی اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیاں بھی اس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے سات روز بعد دوبارہ اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔