تاریخ اشاعت: March 30, 2026 - 9:30 AM
Punjab Government’s First Two Years: Major Reforms, Laws Introduced Regarding Real Estate Sector
پنجاب حکومت کے پہلے دو برس: رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اصلاحات، نئے قوانین اور شفافیت کیلئے بڑے اقدامات
▫️پراپرٹی حقوق کے تحفظ، ڈیجیٹل لینڈ سسٹم اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت قوانین متعارف
لاہور | ری نیوز پاکستان پنجاب حکومت نے اپنے ابتدائی دو برسوں کے دوران پراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں اصلاحات کیلئے متعدد اہم قانونی، انتظامی اور پالیسی اقدامات متعارف کرائے، جن کا مقصد سرمایہ کاری کا تحفظ، لین دین میں شفافیت اور ل...
پنجاب حکومت نے اپنے ابتدائی دو برسوں کے دوران پراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں اصلاحات کیلئے متعدد اہم قانونی، انتظامی اور پالیسی اقدامات متعارف کرائے، جن کا مقصد سرمایہ کاری کا تحفظ، لین دین میں شفافیت اور لینڈ مافیا کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت کا سب سے نمایاں اقدام “پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025” کا نفاذ ہے، جسے صوبے میں جائیداد کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک تاریخی قانون قرار دیا جا رہا ہے۔ اس قانون کے تحت زمین پر ناجائز قبضہ ایک قابلِ سزا جرم بنا دیا گیا جبکہ کیسز کے فیصلے کیلئے 90 دن کی مدت مقرر کی گئی تاکہ برسوں پر محیط عدالتی تاخیر کا خاتمہ کیا جا سکے۔
مزید برآں 2026 کی ترامیم کے ذریعے سزاؤں کو مزید سخت کیا گیا اور 10 سال قید اور بھاری جرمانوں کی شقیں شامل کی گئیں، جبکہ ڈسٹرکٹ سطح پر بااختیار کمیٹیاں قائم کی گئیں۔
اسی سلسلے میں پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے ذریعے ریونیو کیسز کے فیصلوں کو تیز اور اپیل کے نظام کو مؤثر بنایا گیا، جبکہ ڈیجیٹل ریکارڈ اور ای-سسٹمز کو قانونی حیثیت دی گئی تاکہ لینڈ ریکارڈ میں شفافیت بڑھے۔
حکومت نے پنجاب اپارٹمنٹ اینڈ پراپرٹی ریگولیشن (ترمیمی) ایکٹ 2024 کے ذریعے ہاؤسنگ اور اپارٹمنٹ سیکٹر میں قواعد کو مزید سخت کیا، جس کا مقصد شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنانا اور سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ ہے۔
غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائیوں کو بھی قانونی شکل دی گئی، جہاں نئی پالیسیوں کے تحت غیر منظور شدہ اسکیموں کی تشہیر پر پابندی، پراپرٹی ڈیلرز کی لازمی رجسٹریشن اور خلاف ورزی پر اثاثے منجمد کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
مزید برآں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور اس سے متعلق ترامیم کے ذریعے زمین کے استعمال، ہاؤسنگ اسکیموں کی منظوری اور پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی، جس سے شہری نظم و نسق اور ریگولیشن میں بہتری آئی۔
ماہرین کے مطابق ان اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، اور سخت قانونی اقدامات کے باعث پنجاب میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں اعتماد بحال ہو رہا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ اور شفاف ماحول فراہم کرنے میں پیش رفت ہوئی ہے۔