تاریخ اشاعت: July 22, 2026 - 11:00 AM
Punjab Launches Plan to Transform 485 Villages into Model Communities, District Officers Assigned Key Responsibilities
پنجاب کے 485 دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کا منصوبہ، ضلعی افسران کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
▫️وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر سخت نگرانی، کنٹریکٹرز کی مسلسل مانیٹرنگ اور مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت کر دی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "مثالی گاؤں پروگرام" پر تیز رفتار اور مؤثر عملدرآمد کے لیے ضلعی سطح پر انتظامی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز (ڈی او آئی اینڈ ایس) کو پروگرام کا ضلعی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تحصیل سطح پر سب انجینئرز بھی اضافی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، شاہد زمان لک اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ آفیسرز انفراسٹرکچر اینڈ سروسز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذیشان رفیق نے کہا کہ ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی کا نظام قائم ہونے سے ترقیاتی منصوبے بروقت اور بہتر معیار کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر سب انجینئرز کو بھی کوآرڈینیٹر کی اضافی ذمہ داری دی جا رہی ہے تاکہ منصوبوں کی نگرانی مزید مضبوط بنائی جا سکے۔
صوبائی وزیر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ ضلعی افسران کے ساتھ باقاعدہ فالو اپ اجلاس منعقد کیے جائیں اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں معیار یا رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب کی 10 ڈویژنز میں 485 دیہات کو ماسٹر پلاننگ کے تحت مثالی گاؤں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں ممکن ہو پہلے سے تعمیر شدہ گلیوں کو غیر ضروری طور پر نہ توڑا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔