تاریخ اشاعت: October 16, 2026 - 5:01 PM
Punjab Private School Building Safety Audit Remains Unclear as Official Data on Dangerous Structures Yet to Emerge
پنجاب میں نجی سکولوں کی عمارتوں کا حفاظتی آڈٹ ابہام کا شکار، خطرناک اور مخدوش عمارتوں کا سرکاری ڈیٹا سامنے نہ آ سکا
▫️مخدوش عمارتوں کیخلاف کارروائی کے حوالے سے بھی مجموعی صورتحال غیر واضح، ابتدائی منصوبے میں شامل لاہور کے تقریباً 3,500 نجی سکولوں بارے بھی حکومتی رپورٹ خاموش
لاہور | ریاض حسین ری نیوز پاکستانپنجاب میں نجی سکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے معائنے اور بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کی پابندی سے متعلق اقدامات کے اعلان کے باوجود قابل ذکر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
پنجاب میں نجی سکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے معائنے اور بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کی پابندی سے متعلق اقدامات کے اعلان کے باوجود قابل ذکر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ کارروائی کاغذوں تک محدود رہ جانے کی وجہ سے خطرناک یا مخدوش عمارتوں کی تعداد واضح نہیں ہوسکی۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کتنے نجی سکولوں کی عمارتوں کا تکنیکی معائنہ مکمل ہوا، کتنی عمارتیں مخدوش قرار پائیں اور کتنے اداروں کے خلاف عملی کارروائی کی گئی۔ عمارتوں کے حوالے سے حکومتی آ ڈٹ مہم ابہام کا شکار ہے اور کوئی ٹھوس پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چند ماہ قبل نجی سکولوں کی عمارتوں کے آ ڈٹ کا حکم لاہور میں ہے درپے دو سکولوں کی چھتیں گرنے کے نتیجے میں بچوں کی ہلاکت کے ناگہانی واقعات کے بعد دیا تھا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے سرکاری پرائیویٹ ایجوکیشن پرووائیڈر رجسٹریشن اینڈ انفارمیشن سسٹم (پیپرس) پر نجی سکولوں کی نئی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کی تجدید کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ مطلوبہ دستاویزات میں شامل ہے۔ اس سے سرٹیفکیٹ کی لازمی شرط کی تصدیق ہوتی ہے، تاہم صرف اس شرط کی موجودگی کو تمام نجی سکولوں کی عمارتوں کا تازہ حفاظتی آڈٹ مکمل ہونے کا ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
جولائی 2026 میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے نجی سکولوں کی عمارتوں کے معائنے اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات سے رجوع کیا تھا۔ ابتدائی منصوبے میں لاہور کے تقریباً 3,500 نجی سکول شامل تھے، جبکہ بعد میں اس عمل کو صوبے بھر تک توسیع دینا مقصود تھا۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات نے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے آزاد تھرڈ پارٹی انجینئرنگ کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز دی تھی۔ محکمے کا مؤقف تھا کہ متعدد نجی سکول کرائے کی، رہائشی یا مختلف مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی عمارتوں میں قائم ہیں، جن کے منظور شدہ انجینئرنگ ڈیزائن، تعمیراتی ضوابط کی تعمیل اور مکمل تکنیکی دستاویزات دستیاب نہیں۔ اس صورتحال سے عمارتوں کے سٹرکچر کی مضبوطی کے باقاعدہ تکنیکی جائزے کی ضرورت اجاگر ہوئی۔
بعد ازاں 18 جولائی کو سامنے آنے والی پالیسی کے مطابق نجی سکولوں کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ سول انجینئر یا انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقۂ کار متعارف کرایا گیا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو افسران تعلیم کو پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ متعلقہ ہدایات میں واضح کیا گیا کہ درست بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر نجی سکول کی رجسٹریشن نہیں ہوگی۔
اس سے قبل ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نجی سکولوں کو اپنی عمارتوں، کلاس رومز، چھتوں، باؤنڈری والز اور مرکزی گیٹس کا فوری حفاظتی معائنہ کرانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ 2 جولائی کی رپورٹ کے مطابق خستہ حال یا غیر محفوظ عمارتوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجراء تک تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا بھی کہا گیا تھا۔ سکولوں میں نکاسی آب بہتر بنانے، بارش کا پانی جمع نہ ہونے دینے اور بجلی کی وائرنگ و برقی آلات کی جانچ کو بھی حفاظتی اقدامات میں شامل کیا گیا۔
ضلعی سطح پر ملتان سے سامنے آنے والی 7 جولائی کی ایک رپورٹ میں ابتدائی سروے کے حوالے سے تقریباً 25 فیصد سکولوں کی عمارتیں بوسیدہ ہونے کا ذکر کیا گیا۔ رپورٹ میں بعض عمارتوں کی کمزور چھتوں اور آگ سے بچاؤ، ہنگامی اخراج اور دیگر حفاظتی سہولیات کی کمی کی نشاندہی بھی کی گئی۔ تاہم اس رپورٹ میں معائنہ شدہ اداروں کی کل تعداد، سکول وار فہرست اور اصل تکنیکی رپورٹ موجود نہیں تھی، اس لیے اس شرح کو پنجاب بھر کے نجی سکولوں پر لاگو نہیں کیا جاسکتا۔
مخدوش عمارتوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بھی مجموعی صورتحال واضح نہیں۔ غیر محفوظ عمارتوں میں تدریسی سرگرمیاں روکنے اور فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایات تو موجود ہیں، لیکن کتنی نجی سکول عمارتیں مسمار کی گئیں، کتنے ادارے بند ہوئے، کتنے دوسری عمارتوں میں منتقل کیے گئے اور کتنے سکولوں کو مرمت کی مہلت دی گئی، حکومت کی طرف سے اس کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، جس سے آ ڈٹ کرنے کے عمل میں سست روی یا مکمل روک دینے کا تاثر مزید گہرا ہوتا ہے۔