تاریخ اشاعت: June 23, 2026 - 9:30 AM
Punjab Seeks World Bank Support to Expand 'Apni Chhat Apna Ghar' Housing Programme
پنجاب کا ’اپنی چھت اپنا گھر‘ ہاؤسنگ پروگرام وسعت دینے کیکئے عالمی بینک سے معاونت لینے کا فیصلہ
▫️عالمی بینک کی جانب سے پنجاب میں سستے گھروں کے منصوبے کو مضبوط بنانے کیلئے 10 کروڑ ڈالر تک معاونت میں دلچسپی
پنجاب حکومت نے اپنے فلیگ شپ سستے گھروں کے منصوبے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ کو مزید مضبوط بنانے اور اس کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے عالمی بینک سے مالی اور تکنیکی معاونت کے حصول پر بات چیت شروع کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے بھر میں گھروں کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنا اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھر کی ملکیت کے مواقع بڑھانا ہے۔
یہ پیش رفت پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سامنے آئی، جس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اور پنجاب افورڈ ایبل ہاؤسنگ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ عالمی بینک نے اس پروگرام میں معاونت کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ابتدائی بات چیت کے مطابق اس ضمن میں تقریباً 10 کروڑ ڈالر تک مالی معاونت کا امکان ہے، جس سے پنجاب میں سستے گھروں کی فراہمی کی کوششوں کو تقویت ملے گی اور پروگرام پر عملدرآمد کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق مجوزہ معاونت سے رہائشی یونٹس کی تعمیر میں تیزی لانے، منصوبے کی ترسیل کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور پنجاب بھر میں زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک رسائی ممکن بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کی پیش رفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف اضلاع میں اہل خاندانوں کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مثبت سماجی و معاشی نتائج دے رہا ہے، کیونکہ اس سے سستی رہائش تک رسائی بہتر ہو رہی ہے، گھر کی ملکیت میں حائل مالی رکاوٹیں کم ہو رہی ہیں اور محروم طبقات کے معیار زندگی میں بہتری آ رہی ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں رہائشی کمی دور کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس پروگرام کے تحت سالانہ ایک لاکھ گھروں کی تعمیر میں سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ ہزاروں کم آمدنی والے خاندانوں کو محفوظ، باوقار اور پائیدار رہائش فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے ذریعے معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تنظیم نو کے متعدد اقدامات کی منظوری بھی دی گئی، جن کا مقصد انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا اور عملدرآمد کے عمل کو ہموار کرنا ہے۔ شرکا نے منصوبے کا دائرہ شہری اور دیہی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک بڑھانے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔
حکام نے امید ظاہر کی کہ عالمی بینک جیسے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون سے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام مزید مضبوط ہوگا اور حکومت کے اس طویل مدتی ہدف کے حصول میں مدد ملے گی کہ صوبے کے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سستی رہائش کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔