تاریخ اشاعت: May 29, 2026 - 3:30 PM
Punjab Sets New Record During Eid Cleanliness Operation, 222,000 Tons of Waste Collected in First Two Days
پنجاب میں عید صفائی آپریشن کے دوران نیا ریکارڈ، پہلے دو روز میں 2 لاکھ 22 ہزار ٹن ویسٹ کلیکشن
▫️ستھرا پنجاب وہیکلز نے پہلے دو روز میں 32 لاکھ 28 ہزار کلومیٹر ایریا کور کیا، عید کے دوسرے روز ایک لاکھ 12 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور باقیات تلف کی گئیں
پنجاب میں گرینڈ عید صفائی آپریشن کے دوسرے روز بھی صفائی کے نئے معیار قائم کیے گئے، جبکہ عید الاضحیٰ کے پہلے دو روز کے دوران صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 22 ہزار ٹن ویسٹ کلیکشن کی گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عید کے پہلے دو روز میں ستھرا پنجاب وہیکلز نے صوبہ بھر میں 32 لاکھ 28 ہزار کلومیٹر ایریا کور کیا۔ عید کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا اور ایک لاکھ 12 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور باقیات تلف کی گئیں۔
پنجاب کے 41 اضلاع میں عید کے دوسرے روز بھی آلائشیں اور باقیات اٹھا کر ویسٹ پوائنٹس تک پہنچائی گئیں۔ مختلف شہروں میں سڑکوں، بازاروں اور گلیوں کی فینائل سے دھلائی کی گئی، جبکہ عرق گلاب سے ماحول کو معطر بھی کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق عید کے دوسرے روز ستھرا پنجاب کی گاڑیوں نے 13 لاکھ 46 ہزار کلومیٹر سے زائد ایریا کور کیا، جبکہ پنجاب بھر میں ایک ہزار 54 کلومیٹر طویل سڑکوں کی دھلائی کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے اور صفائی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے آلائشوں اور باقیات کی نشاندہی پر انہیں فوری طور پر تلف کیا گیا۔
حکام کے مطابق پنجاب کے ہر ضلع میں صفائی اور آلائشوں کی موجودگی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین، میانوالی، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، رحیم یار خان اور سرگودھا میں سڑکیں اور گلیاں صاف ستھری دکھائی دیں۔
سیالکوٹ، قصور، پاکپتن، مری اور وہاڑی میں سڑکوں کو فینائل سے دھویا گیا اور عرق گلاب سے معطر کیا گیا، جبکہ وزیر آباد، راجن پور، ملتان، اٹک، بہاولپور اور بہاولنگر میں گلیوں، محلوں اور قربان گاہوں کی صفائی مکمل کی گئی۔
بھکر، چنیوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور چکوال میں بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے نئے ریکارڈ قائم کیے گئے۔ نارووال، جہلم، جھنگ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد اور گجرات میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کی محنت کے باعث صفائی آپریشن مؤثر انداز میں جاری رہا۔