تاریخ اشاعت: July 9, 2026 - 10:10 AM
Punjab to Conduct Digital Survey After 12 Years to Curb Property Tax Evasion and Expand Tax Net
پراپرٹی ٹیکس چوری روکنے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے پنجاب کا 12 سال بعد ڈیجیٹل سروے کرانے کا فیصلہ
▫️جی آئی ایس ٹیکنالوجی، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ڈیٹا اور اربن یونٹ کی معاونت سے ٹیکس ایبل و نان ٹیکس ایبل جائیدادوں کی جامع نشاندہی کی جائے گی
پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس چوری کی روک تھام، ٹیکس نظام کو مزید شفاف بنانے اور زیادہ سے زیادہ جائیدادوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے 12 سال بعد صوبہ بھر میں جدید ڈیجیٹل پراپرٹی سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ٹیکس ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنا، غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس سے باہر جائیدادوں کی نشاندہی کرنا اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔
ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق یہ سروے اربن یونٹ کی معاونت سے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) کے ریکارڈ کو بنیاد بنا کر جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) ٹیکنالوجی کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس جدید نظام کی مدد سے ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل یونٹس کی درست نشاندہی، جائیدادوں کی ڈیجیٹل میپنگ اور ٹیکس ریکارڈ کی تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت لاہور میں 9 لاکھ سے زائد جبکہ پنجاب بھر میں 25 لاکھ سے زیادہ یونٹس باقاعدگی سے پراپرٹی ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ اس کے مقابلے میں صوبے میں مجموعی طور پر 45 لاکھ سے زائد ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل یونٹس کا ریکارڈ موجود ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑی تعداد میں جائیدادوں کے ٹیکس ریکارڈ کی ازسرنو جانچ اور اپ ڈیٹ کی ضرورت ہے۔
منصوبے کے تحت رواں ماہ لاہور کے زون 13 سے پائلٹ بنیادوں پر ڈیجیٹل سروے کا آغاز کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کے مطابق پائلٹ منصوبے کے نتائج کا جائزہ لینے اور مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے بعد اس سروے کو مرحلہ وار پنجاب کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل سروے سے نہ صرف پراپرٹی ٹیکس چوری کی مؤثر روک تھام ممکن ہوگی بلکہ غیر رجسٹرڈ اور نئے تعمیر شدہ ٹیکس ایبل یونٹس کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جا سکے گا۔ اس اقدام سے صوبائی حکومت کو ٹیکس وصولیوں میں اضافہ، محصولات کے نظام میں شفافیت اور شہری خدمات کی بہتری کے لیے اضافی مالی وسائل حاصل ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب حکومت نے مالی سال 27-2026 کے لیے 42 ارب روپے کا پراپرٹی ٹیکس ہدف مقرر کیا ہے۔ حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل سروے اس ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل میں پراپرٹی ٹیکس کے نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔