تاریخ اشاعت: November 7, 2026 - 6:01 PM
Rawalpindi: ETPB Provides Free Accommodation to Minority Students
راولپنڈی: متروکہ وقف املاک بورڈ نے اقلیتی طلبہ کو مفت رہائش فراہم کر دی
▫️ راولپنڈی کی سیونتھ روڈ پر واقع اپارٹمنٹ 12 طلبہ کے حوالے؛ رہائش کے ساتھ ضروری سہولیات بھی مفت ملیں گی
متروکہ وقف املاک بورڈ نے اقلیتی طلبہ کی رہائش کے لیے راولپنڈی میں ایک اپارٹمنٹ ان کے حوالے کر دیا ہے۔
بورڈ کے سیکریٹری ناصر مشتاق نے چیئرمین قمر الزمان کی ہدایات پر اپارٹمنٹ کی چابیاں طلباء کے حوالے کیں۔ اس موقع پر راولپنڈی کے ایڈمنسٹریٹر یاسر اصغر مونگا بھی موجود تھے۔ ناصر مشتاق کے مطابق اس سہولت کا مقصد دورانِ تعلیم طلبہ کو درپیش رہائشی مشکلات کم کرنا ہے، تاکہ وہ بہتر ماحول میں اپنی تعلیم پر توجہ دے سکیں۔
بورڈ نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کی فلاح، تعلیمی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی اس کے کام کا حصہ ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ 1960 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ مذہبی، فلاحی اور تعلیمی ٹرسٹوں سے منسلک متروکہ املاک کی نگرانی کرتا ہے۔
رہائشی سہولت سے پہلے بورڈ نے ہندو اور سکھ طلبہ کے لیے بابا گرو نانک سکالرشپ پروگرام کے تحت 50 لاکھ روپے منظور کیے تھے۔ بورڈ کے مطابق اس پروگرام میں اہل طلبہ کے لیے ماہانہ 10 ہزار روپے اسکالرشپ مقرر کی گئی تھی۔