تاریخ اشاعت: September 26, 2026 - 12:01 PM
Rawalpindi Ring Road Proposed for Development Along Special Economic Zone Model
راولپنڈی رنگ روڈ کو سپیشل اکنامک زون کی طرز پر ترقی دینے کی تجویز
▫️ 38 کلومیٹر رنگ روڈ کو شمالی پنجاب کا معاشی گیٹ وے بنانے کی تجویز، اطراف میں ٹیکس فری، صنعتی، تجارتی اور اقتصادی زونز قائم کیے جائیں گے
راولپنڈی | ری نیوز پاکستانراولپنڈی رنگ روڈ کو شمالی پنجاب کے ایک بڑے معاشی اور تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے اسے سپیشل اکنامک زون کی طرز پر ترقی دینے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔
راولپنڈی | ری نیوز پاکستان
راولپنڈی رنگ روڈ کو شمالی پنجاب کے ایک بڑے معاشی اور تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے اسے سپیشل اکنامک زون کی طرز پر ترقی دینے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ 38 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کو علاقائی تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے نئے مرکز کے طور پر ڈویلپ کرنے کے لیے جامع لینڈ یوز پلان تیار کیا جا رہا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے رنگ روڈ کے مجوزہ لینڈ یوز پلان کے خدوخال سے اجلاس کو آگاہ کیا، جبکہ پلاننگ کنسلٹنٹ نے مختلف زونز اور مستقبل کی شہری و معاشی ضروریات سے متعلق بریفنگ دی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ کے اطراف سپیشل اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس فری زون بھی قائم کیا جائے گا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق رنگ روڈ کے اطراف لائٹ اور ہیوی انڈسٹریل زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ رہائشی اور کمرشل علاقوں کے درمیان اربن فاریسٹ پر مشتمل گرین بفر زون قائم کیا جائے گا تاکہ تیزی سے ہونے والی شہری ترقی کے ساتھ ماحولیاتی توازن بھی برقرار رکھا جا سکے۔
لینڈ یوز پلان میں صحت کے شعبے کے لیے بھی خصوصی انتظامات تجویز کیے گئے ہیں۔ رنگ روڈ کے اطراف ہسپتالوں اور دیگر ہیلتھ کی سہولیات کے قیام کے لیے مخصوص اراضی مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اسی طرح آئی ٹی، تعلیم، کھیل، فوڈ اور دیگر معاشی شعبوں کے لیے علیحدہ زونز تجویز کیے گئے ہیں۔ منصوبے میں بس ٹرمینلز سمیت دیگر ضروری شہری سہولیات کی فراہمی کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ رنگ روڈ کے ساتھ مستقبل میں بڑھنے والی آبادی، کاروباری سرگرمیوں اور صنعتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق مربوط لینڈ یوز پلان کے ذریعے رہائشی، تجارتی اور زرعی سرگرمیوں کو منظم انداز میں فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ خصوصی زوننگ سے رنگ روڈ کی معاشی اہمیت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کو شمالی پنجاب کے معاشی گیٹ وے کے طور پر ترقی دینے سے خطے میں صنعتی سرگرمیوں، علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکتا ہے۔
راولپنڈی رنگ روڈ کے مجوزہ لینڈ یوز پلان کی حتمی منظوری کے لیے سمری پنجاب کابینہ کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد منصوبے کے مختلف زونز اور ترقیاتی سرگرمیوں پر عمل درآمد کے اگلے مراحل طے کیے جائیں گے۔